انڈے کے اندر ہی ’مونث‘ میں تبدیل ہو جائیں گے ’مذکر‘ چوزے! اسرائیل میں تجربہ، دیکھیں ویڈیو

یایل کہتے ہیں کہ ان کی کمپنی فی الحال اس پر تجربہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جتنے انڈوں پر ساؤنڈ وائبریشن کا استعمال کیا گیا ہے اس میں سے 60 فیصد انڈوں میں جین تبدیل ہو رہے ہیں۔

پولٹری کاروبار، چکن، انڈے / IANS
پولٹری کاروبار، چکن، انڈے / IANS
user

قومی آوازبیورو

تل ابیب: کیا مرغی کے چوزے کی جنس انڈے کے اندر ہی تبدیل کی جا سکتی ہے؟ آپ کو خواہ یہ سوال بے تکا لگے لیکن اسرائیل میں اس طرح کا تجربہ انجام دیا جا رہا ہے جس میں مرغی کے چوزوں کو انڈے کے اندر ہی مونث سے مذکر میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ دراصل ہر سال پوری دنیا میں تقریباً 7 بلین یعنی 700 کروڑ مذکر چوزوں کا قتل کر دیا جاتا ہے کیونکہ پولٹری انڈسٹری میں انڈے دینے کی وجہ سے مرغی زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

روزامہ ’دی گارڈین‘ کی ویب سائٹ میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق، اگر یہ چوزے انڈے سے باہر آنے سے قبل ہی مرغے کی بجائے مرغی بن جائیں تو پھر انہیں قتل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ طریقہ اسرائیل کی اسٹارٹ اپ کمپنی سوس نے ایجاد کیا ہے۔ کمپنی کی خواہش ہے کہ مرغی فارموں میں پولٹری جین (ایمبریو) کی جنس تبدیل کر دی جائے تاکہ جب وہ تیار ہو جائیں تو انڈوں سے صرف مادہ مرغیاں ہی باہر آئیں۔


سوس ٹیکنالوجی نے یہ کام صوتی کمپن (ساؤنڈ وائبریشن) کے ذریعے انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمپنی کے ’سی ای او‘ یایل الٹر نے کہا کہ جب انڈے کو ساؤنڈ وائبریشن کے سامنے رکھا جاتا ہے تو مذکر چوزے کے جینوں میں تبدیلی آتی ہے۔ اس کی مدد سے چوزے کے مذکر اعضا تبدیل ہو کر مونث اعضا بن جاتے ہیں۔

یایل کہتے ہیں کہ ان کی کمپنی فی الحال اس پر تجربہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اب تک جتنے انڈوں پر ساؤنڈ وائبریشن کا استعمال کیا گیا ہے ان میں سے 60 فیصد انڈوں میں جین تبدیل ہو رہے ہیں۔ یعنی مرغوں کے بجائے مرغیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ مذکر چوزوں کو قتل نہیں کرنا پڑے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Feb 2021, 3:11 PM