24 گھنٹے کے اندر قطب مینار سے بھی اونچا نوئیڈا کا ’ٹوئن ٹاور‘ ہوگا زمیں دوز!

ملک میں پہلی بار اتنی اونچی عمارتیں ڈھائی جائیں گی۔ ان دونوں ٹاوروں کی اونچائی 105 میٹر ہے جو کہ قطب مینار کی اونچائی سے بھی زیادہ ہے۔

سپرٹیک، تصویر آئی اے این ایس
سپرٹیک، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی سے ملحق نوئیڈا کے ٹوئن ٹاور یعنی ’سیان‘ اور ’ایپیکس‘ اتوار کو ٹھیک 2 بج کر 30 منٹ پر زمیں دوز کر دیا جائے گا۔ یعنی اب اس ٹوئن ٹاور کو منہدم ہونے میں 24 گھنٹے سے بھی کم وقت بچا ہے۔ اس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کسی بھی مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے 300 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی علاقے میں کی گئی ہے۔

سیکٹر-93 اے واقع ٹوئن ٹاور کی انہدامی کارروائی کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ’ڈائیورژن پلان‘ بھی جاری کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹوئن ٹاور کو دھماکہ سے منہدم کیے جانے کے ٹھیک 15 منٹ پہلے ایکسپریس وے پر ڈائیورژن نافذ کر دیا جائے گا۔ نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے پر دھماکہ کے بعد دھول ختم ہونے تک گاڑیوں کی آمد و رفت پوری طرح سے بند رکھی جائےگی۔


قابل ذکر ہے کہ ملک میں پہلی بار اتنی اونچی عمارتیں ڈھائی جائیں گی۔ ان دونوں ٹاوروں کی اونچائی 105 میٹر ہے جو کہ قطب مینار کی اونچائی سے بھی زیادہ ہے۔ اس سے قبل کیرالہ میں ایپیکس اور سیال سے تقریباً نصف اونچائی والی عمارت منہدم کی گئی تھی۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ رہائشی عمارتوں کے اتنے قریب کوئی عمارت منہدم کی جا رہی ہے۔ ٹاور کے سب سے نزدیک جو عمارت ہے اس کی دوری تقریباً 9 میٹر ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپرٹیک ایمرالڈ کورٹ سوسائٹی اور اے ٹی ایس ولیج سوسائٹی کے تقریباً 7000 لوگ ٹاور منہدم کیے جانے کے دن یعنی اتوار کی صبح 7 بجے سے پہلے یہاں سے چلے جائیں گے۔ اس کے لیے دونوں سوسائٹی سے لوگ دوسرے مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ دراصل انتظامیہ کی ہدایت ہے کہ ٹوئن ٹاور منہدم کیے جانے کے دن کسی کام سے اگر کوئی باہر نکلنا چاہتا ہے تو وہ 7 بجے سے پہلے ہی نکل جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔