سرمائی اجلاس: ایمس پر سائبر حملے کا معاملہ راجیہ سبھا کے بعد لوک سبھا میں بھی گونجا

ایمس پر انتہائی مہلک سائبر حملے کا معاملہ آج ایوان زیریں یعنی لوک سبھا میں اٹھایا گیا اور حکومت سے ملک کے تمام اہم اداروں کی سائبر سیکورٹی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پر انتہائی مہلک سائبر حملے کا معاملہ آج ایوان زیریں یعنی لوک سبھا میں اٹھایا گیا اور حکومت سے ملک کے تمام اہم اداروں کی سائبر سیکورٹی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ گزشتہ روز یہ معاملہ ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں بھی اٹھایا گیا تھا۔

لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران بہوجن سماج پارٹی کے رتیش پانڈے نے اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ایمس کے سرورز پر ایک مہلک سائبر حملہ ہوا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اس کے آس پاس، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے سرور پر 6 ہزار بار سائبر نقب زنی کی کوشش ہوئی۔ یہ سرورز ابھی معمول پر آنا باقی ہیں۔


پانڈے نے کہا کہ ماضی میں بھی پاور گرڈ پر سائبر حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی اثاثوں پر سائبر حملہ ملکی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کواس کے بارے میں ملک کو وضاحت دینی چاہیے اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے حملوں اورنقب زنی کو روکنے کے لئے بلا تاخیر تمام ضروری اقدامات اٹھانے چاہیے۔

نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی نے جموں و کشمیر میں سیب کی تجارت میں کمی اور قیمتوں میں گراوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھلوں کی درآمد کی اجازت دینے سے جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے سیبوں کے بازار میں مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے پیکیجنگ پر 15 فیصد جی ایس ٹی لگانے کے جواز پر سوال اٹھایا۔ مسعودی نے مطالبہ کیا کہ سیب کی درآمد بند کی جائے اور پیکیجنگ پر جی ایس ٹی سے چھوٹ دی جائے۔


لوک جن شکتی پارٹی کے چراغ پاسوان نے بہار میں دلتوں کے قتل اور خواتین کی عصمت دری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور ریاستی حکومت پر جرائم پر قابو پانے میں مکمل ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے ان واقعات کی مرکزی ایجنسیوں سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

بی جے پی کے اجے نشاد نے بہار کے مظفر پور کے آس پاس کے علاقوں میں کووڈ سے پہلے کی لوکل ٹرینوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے امر سنگھ نے پنجاب میں فتح گڑھ صاحب اور ہماچل پردیش میں نینا دیوی جانے والے لوگوں کی سہولت کے لیے خستہ حال سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔