وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر، گلمرگ کا درجہ حرارت منفی 10.6 ڈگری ریکارڈ

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی جاسکتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جموں وکشمیر میں کئی روز تک جاری رہنے والا برف باری اور بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ برف باری اور بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے ساتھ ہی جہاں دن کے درجہ حرارت میں بہتری جبکہ راتیں مزید سرد ہونے لگی ہیں۔ وادی کشمیر میں گزشتہ رات عالمی شہرت یافتہ سکی ریزارٹ گلمرگ سرد ترین مقام ثابت ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں آنے والے ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی جاسکتی ہے۔

وادی میں برف باری اور بارشوں کا سلسلہ رکنے کے ساتھ ہی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی یکطرفہ آمدورفت بحال کی گئی ہے جبکہ مغل روڑ اور لداخ شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔

وادی میں گزشتہ رات دوسری سرد ترین مقام مشہور سیاحتی جگہ پہلگام ثابت ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 اعشاریہ 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

گیٹ وے آف کشمیر کہلائے جانے والے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ککرناگ اور کپواڑہ میں بالترتیب منفی 3 اعشاریہ 8 اور منفی 3 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ صوبہ جموں کے رام بن، بٹوٹ اور بھدرواہ میں بھی گزشتہ رات منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔