انڈین آئیڈل میں سلمان کی فتح ان کی کامیابی کا دروازہ کھولتی ہے
تقریباً 2 مہینے چلے شو میں فاتح سلمان علی کے لیے ووٹنگ ہوئی اورعوام کی پسند کی بنیاد پر انھیں فتحیاب قرار دیا گیا۔ ہریانہ کے باشندہ سلمان علی کی کامیابی ملک بھر کےغریب لڑکوں کے لیے ایک مثال بن گئی ہے۔

ہندوستان میں ’لائیو سنگنگ‘ کے سب سے بڑے شو ’انڈین آئیڈل‘ کا 23 دسمبر کی شب ریزلٹ منظر عام پر آیا۔ دس سال قبل سونی چینل پر شروع یہ ریلٹی شو موسیقی کے دیوانوں کا پسندیدہ شو ہے۔ ’انڈین آئیڈل‘ کے سب سے پہلے فاتح ابھیجیت ساونت کے بعد سب سے زیادہ تذکرہ اس بار کے فاتح کی ہو رہی ہے۔ ملک کا بے حد پسماندہ علاقہ مانے جانے والے میوات کی بے حد غریب فیملی کے سلمان علی نے یہ شو اپنے نام کر لیا ہے۔ سلمان کے والد کھیتوں میں مزدوری کرتے رہے ہیں۔ لیکن 25 لاکھ کی جیتی ہوئی رقم، ایک کار اور یونیورسل میوزک سے ملا ان کے بیٹے کو کانٹریکٹ ان کی غریبی دور کرنے کے لیے کافی ہے۔
تقریباً 2 مہینے چلے اس شو میں فاتح سلمان علی کے لیے ووٹنگ ہوئی، عوام کی پسند کی بنیاد پر انھیں فتحیاب قرار دیا گیا۔ ہریانہ کے میوات باشندہ سلمان علی کی کامیابی ملک بھر کے غریب لڑکوں کے لیے ایک مثال بن گئی ہے۔ سلمان کی اپنی زندگی مشکلوں سے نبرد آزما رہی ہے۔ یہاں تک کہ قرض کے پیسوں کے لین دین کے ایک معاملے میں وہ جیل میں بھی رہے ہیں اور حیرت انگیز طریقے سے انھوں نے صرف دس روپے کے لیے بھی گانا گیا ہے۔
7 سال کی عمر سے عوام کے درمیان جا کر گانا گانے والے سلمان بھجن گا کر اپنا پیٹ پالتے رہے ہیں۔ ان کی تمام صلاحیت خدا کی نعمت ہے۔ سلمان اس بات کا خود بھی اعتراف کرتے ہیں۔ انھوں نے فائنل میں انکش بھاردواج کو ہرایا اور اس دوران موجود رہے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے سلمان کے ساتھ سُر ملایا۔
پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے پڑھائی چھوڑ دینے والے سلمان کو یونیورسل جیسی بڑی میوزک کمپنی نے سائن کر لیا ہے اور اس سے ان کے گھر والے انتہائی خوش ہیں۔ شو کی جج نیہا ککڑ شروع سے ہی سلمان کی تعریف کرتی رہی ہیں اور جب وہ فاتح بنے تو ان کی بھی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔
سلمان کی کامیابی اس کے چاہنے والوں میں جوش بھر رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس کامیابی کا خوب تذکرہ ہو رہا ہے۔ سلمان علی کی دیوانگی کا یہ عالم رہا ہے کہ شاہ رخ خان نے ان کے ساتھ اپنی نایاب فلم ’مائی نیم از خان‘ کا مشہور نغمہ ’سجدہ تیرا سجدہ‘ بھی گایا۔
شاہ رخ خان یہاں کیٹرینہ کیف اور انوشکا شرما کے ساتھ اپنی فلم ’زیرو‘ کے پروموشن کے لیے پہنچے تھے۔ ’انڈین آئیڈل‘ کے ایک جج انو ملک اس سے پہلے ’می ٹو کیمپن‘ میں نام آنے کی وجہ سے ہٹا دیئے گئے تھے۔ اس بار فیصلہ گلوکارہ نیہا ککڑ اور وشال ڈڈلانی کی رائے کے علاوہ عوام کی ووٹنگ کی مدد سے کیا گیا تھا۔
نیہا ککڑ نے شو کے دوران سلمان علی کے رومانی گانوں پر خاص انداز کی تعریف کی، سلمان صوفیانہ اور فوک پر اس سے پہلے خوب تعریفیں بٹور چکے تھے۔ سلمان علی نے اس سے پہلے بابا رام دیو کے ساتھ بھی پرفارمنس پیش کی تھی۔ گلوکار جاوید علی کے مطابق ان کی ’جے ہو‘ پر پیشکش لاجواب تھی اور اس نے سحر انگیز کر دیا تھا۔ سلمان علی فتحیابی کے بعد اس لیے بھی موضوع بحث بنے ہوئے ہیں کیونکہ اس کی یہ قابلیت پوری طرح سے قدرتی ہے۔
واضح رہے کہ سلمان اس سے قبل 2011 میں ’سا رے گا ما پا لٹل چیمپ‘ میں رنر اَپ رہ چکے ہیں۔ اس کے بعد انھوں نے میوات چھوڑ دیا تھا اور پیشہ ور طریقے سے’جاگرن‘ میں بھجن گانے لگے۔ یہاں سے ملنے والے پیسے وہ اپنے گھر بھیجنے لگے۔ ’انڈین آئیڈل‘میں دیے گئے آڈیشن میں سلمان علی نے ’تیرا سجدا‘ گا کر شو میں انٹری لی تھی اور دلچسپ بات یہ رہی کہ فائنل میں بھی انھوں نے یہی گانا گا کر شو میں لوگوں کا دل جیت لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔