پاکستان کے دانت کھٹّے کرنے والے ونگ کمانڈر ابھینند کو ملے گا ’ویر چکر‘

ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو یوم آزادی کے موقع پر ویر چکر سے نوازا جائے گا۔ ان کے علاوہ ہندوستانی فضائیہ کی اسکواڈرن لیڈر منٹی اگروال کو یُدھ سیوا میڈل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی فضائیہ کے وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو ویر چکر سے نوازا جائے گا۔ وِنگ کمانڈو کو یہ اعزاز یومِ آزادی کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اسکواڈرن لیڈر منٹی اگروال کو یُدھ سیوا میڈل دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ابھینندن نے بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے بعد پاکستان کے ایف 16 طیارہ کو مار گرایا تھا۔ منٹی کو یہ ایوارڈ بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوائی جنگ کے دوران دئیے گئے ان کے تعاون کے لیے پیش کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ ابھینندن ورتمان اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب ہندوستان کی طرف سے پاکستان واقع دہشت گرد ٹھکانوں پر ائیر اسٹرائیک کی گئی تھی۔ اس کے فوراً بعد 27 فروری کو بوکھلایا پاکستان ہندوستان کے ہوائی ایریا میں داخل ہو گیا تھا، جس کا ہندوستانی فضائیہ نے منھ توڑ جواب دیا تھا۔ لیکن ابھینندن کا مگ 21 بائسن 27 فروری کو پاکستان کے ساتھ ہوائی جنگ کے بعد پاکستان میں حادثہ زدہ ہو گیا تھا۔


اس کے بعد ابھینندن کو جب پاکستانی فوج نے پکڑا تھا تب انھوں نے زبردست بہادری کی مثال پیش کی تھی، جس کی تعریف پوری دنیا میں ہوئی تھی۔ چوطرفہ دباؤپڑنے کے بعد ابھینندن کو آخر کار پاکستان نے چھوڑ دیا تھا۔ حالانکہ اس پورے عمل میں 60 گھنٹے لگ گئے تھے۔

دوسری طرف وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان بہت جلد مگ 21 اڑانے کے لیے تیار ہیں۔ ایک میڈیکل بورڈ نے فائٹر کاک پٹ میں ان کی واپسی کا راستہ صاف کر دیا ہے۔ خبروں کے مطابق آئی اے ایف بنگلورو کے انسٹی ٹیوٹ اآف ایرو اسپیس میڈیسن نے ابھینندن کو دوبارہ پرواز بھرنے کی منظوری دے دی۔ اس منظوری سے پہلے ان کی ڈاکٹری جانچ ہوئی اور وہ اسے پاس کر گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Aug 2019, 3:10 PM