جلد حل ہو سکتا ہے سونالی پھوگاٹ کی موت کا معمہ، لیپ ٹاپ اور سی سی ٹی وی فوٹیج چرانے والا گرفتار

پھوگاٹ فیلی نے الزام لگایا تھا کہ کمپیوٹر آپریٹر شیوم نے ان کے دفتر سے لیپ ٹاپ، ڈی وی آر، موبائل سمیت کئی سامان چرائے ہیں اور اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔

سونالی پھوگاٹ / تصویر آئی اے این ایس
سونالی پھوگاٹ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ٹک ٹاک اسٹار اور بی جے پی لیڈر سونالی پھوگاٹ کی موت کا معمہ اب جلد حل ہو سکتا ہے۔ ہر دن اس معاملے پر نئے ڈیولپمنٹ سامنے آ رہے ہیں اور اس کیس کے تار ہسار سے بھی جڑے ہوئے ہیں جس وجہ سے گوا پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ چکی ہے۔ ساتھ ہی ان کے گھر اور فارم ہاؤس کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس کیس میں ہریانہ پولیس کی بھی ایک ٹیم اس کے ساتھ ہے جو جانچ میں مدد کر رہی ہے۔

اس درمیان خبر سامنے آ رہی ہے کہ پھوگاٹ کا فون اور لیپ ٹاپ چرانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ پھوگاٹ کی فیملی نے الزام عائد کیا تھا کہ کمپیوٹر آپریٹر شیوم نے ان کے دفتر سے لیپ ٹاپ، ڈی وی آر، موبائل سمیت کئی سامان چرائے ہیں۔ اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ہریانہ پولیس کی ایک ٹیم نے فوراً ملزم کو تلاش کیا اور اسے گرفتار کر لیا۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق شیوم کا کردار بھی اس کیس میں کافی مشتبہ ہے۔ وہ سونالی کے فارم پر رہتا تھا، لیکن جس دن ان کی موت ہوئی اسی دن وہ فرار ہو گیا۔ اس کے بعد سونالی کے گھر والوں نے پولیس کو اس کے بارے میں جانکاری دی۔

اس سے قبل گوا پولیس نے کرلیز ریسٹورینٹ کے مالک ایڈون نونس اور دتہ پرساد گاؤنکر کو گرفتار کر ان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ڈرگس کی سپلائی دتہ پرساد گاؤنکر نے کی تھی، جو انجونا کے ہوٹل گرینڈ لیونی ریسارٹ میں روم بوائے کی شکل میں کام کر رہا تھا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں سونالی پھوگاٹ اور اس کے پی اے ٹھہرے ہوئے تھے۔ ملزم سدھیر سانگوان کے انکشاف کی بنیاد پر کرلیز ریسٹورینٹ کے واش روم سے سونالی کو دی گئی ڈرگس بھی ضبط کی گئی ہے۔ 22 اور 23 اگست کی رات سونالی پھوگاٹ سدھیر اور سکھوندر کے ساتھ پارٹی کر رہی تھی۔ کرلیز کلب میں ٹھیک اسی جگہ پر اس رات پارٹی ہو رہی تھی۔


اس رات کی پارٹی کی ہر تصویر اب گوا پولیس کے پاس ہے۔ گوا پولیس یہ واضح کر چکی ہے کہ کرلیز کلب میں ہی ڈرگس لی گئی تھی، اسی لیے پولیس نے کلب کے مالک کو بھی گرفتار کر لیا۔ کلب کے مالک کے ساتھ ساتھ گوا پولیس نے اس ڈرگ پیڈلر کو بھی گرفتار کر لیا ہے جس سے سدھیر اور سکھوندر نے ڈرگس خریدی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔