کیا آج بھی نہیں ہوگا دہلی ایم سی ڈی کے میئر کا انتخاب؟ ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے کیا بڑا انکشاف!

دہلی کے میئر کے انتخاب سے عین قبل نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی نے کونسلروں سے کہا ہے کہ وہ ایوان شروع ہوتے ہی کسی نہ کسی بہانے ہنگامہ کریں۔

منیش سسودیا / ویڈیو گریب
منیش سسودیا / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں میئر کا انتخاب دو بار ملتوی ہونے کے بعد اب ایک بار پھر وہی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے تازہ بیان میں اس قیاس آرائی پر مزید زور دیا گیا ہے۔ دہلی کے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے میئر کے انتخاب سے پہلے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا اور لکھا "بی جے پی نے اپنے کونسلروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آج دوبارہ ایم سی ڈی میٹنگ میں میئر کے انتخاب کی اجازت نہ دیں"۔

دہلی کے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 'بی جے پی کونسلروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ایوان شروع ہوتے ہی کسی نہ کسی بہانے ہنگامہ کریں۔ پریزائیڈنگ آفیسر پچھلی بار کی طرح ایوان کی کارروائی دوبارہ ملتوی کر دے گا۔ ایل جی پھر 20 دن بعد دوبارہ تاریخ دیں گے۔


آپ کو بتا دیں کہ آج سے پہلے دہلی کے میئر کے انتخاب کے لیے 6 جنوری اور 24 جنوری کو تاریخ طے کی گئی تھی، لیکن الیکشن کے دوران بی جے پی اور عآپ کے کونسلروں کے درمیان ہنگامہ آرائی کی وجہ سے یہ انتخاب نہیں ہو سکا۔ 6 جنوری کو عام آدمی پارٹی کے کونسلروں نے نامزد کونسلروں کو پہلے حلف دلائے جانے پر سوالات اٹھائے، جس کے بعد ہنگامہ آرائی کے پیش نظر انتخابات کو ملتوی کر دیا گیا۔

دوسری جانب 24 جنوری کو تمام کونسلرز کی حلف برداری کی تقریب ہو چکی ہے، ایسے میں آج صرف ایم سی ڈی کے میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی ممبران کا انتخاب ہونا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 134 کونسلر جیتے، وہیں 15 سال سے ایم سی ڈی میں رہنے والی بی جے پی کو 104 کونسلروں سے ہی مطمئن ہونا پڑا۔ کانگریس پارٹی اس الیکشن میں صرف 9 سیٹیں جیت سکی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔