آر جے ڈی میں شامل ہوں گے بی جے پی کے ’شترو‘؟ تیج پرتاپ نے دیا بڑا بیان

تیج پرتاپ یادو کا شتروگھن سنہا کو لے کر ایسے وقت میں بیان آیا ہے، جب بی جے پی سنہا پر کارروائی کرنے کی تیاری میں ہے، یونائٹیڈ انڈیا ریلی میں سنہا کے شامل ہونے پر بی جے پی نے کارروائی کی بات کہی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کے سینئر لیڈر شتروگھن سنہا کا آر جے ڈی میں شامل ہونے کو لے کر خبریں تیز ہو گئی ہیں، اس معاملے میں آر جے ڈی لیڈر اور پارٹی صدر لالو پرساد ياود کے بیٹے تیج پرتاپ سنگھ نے ایک بار پھر بیان دیا ہے، انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’میں شتروگھن سنہا سے وقت وقت پر بات کرتا رہتا ہوں، میں ممبئی میں ان کے گھر بھی جا چکا ہوں، اگر وہ آر جے ڈی میں آنا چاہتے ہیں تو میں ان کا استقبال کرتا ہوں، وہ ہمارے جنتا دربار میں آ جائیں‘‘۔ تیج پرتاپ سنگھ نے یہ بیان اپنی پچھلی رائے پر دیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شتروگھن سنہا کا آر جے ڈی میں خوش آمدید ہے۔

تیج پرتاپ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے، جب بی جے پی شتروگھن سنہا پر کارروائی کرنے کی تیاری میں ہے، کولکاتا میں منعقد ٹی ایم سی کی یونائٹیڈ انڈیا ریلی میں شتروگھن سنہا کے شامل ہونے کے بعد بی جے پی کا شتروگھن سنہا کو لے کر بیان آیا تھا، بی جے پی کے ترجمان راجیو پرتاپ روڈی نے پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شتروگھن سنہا نے ساری حدیں پار کر دی ہیں، انہوں نے پی ایم مودی کو نشانے پر لیا ہے، ان کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔

بی جے پی کے ترجمان راجیو پرتاپ روڈی کے بیان کے بعد بغیر نام لئے شتروگھن سنہا نے نشانہ لگایا تھا، انہوں نے کہا تھا، ’’مجھے پارٹی کے نوجوان ترجمان اور پرانے دوست کے بیان پر تعجب نہیں ہوا، کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میرے نوجوان دوست پارٹی میں درکنار کیے جانے کی وجہ سے بہت دباؤ میں ہیں، ہمیں ان سے ہمدردی رکھنی چاہیے، کیونکہ یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے دباؤ میں آکر میرے خلاف بیان دیا ہوگا یا شاید اپنا مقام برقرار رکھنے کی کوشش ہوگی‘‘۔

یونائٹیڈ انڈیا ریلی میں شتروگھن سنہا نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے ساتھ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی تعریف کی تھی، ساتھ ہی انہوں نے رافیل سمیت کئی اہم مسائل کو لے کر پی ایم مودی پر نشانہ لگایا تھا، سنہا نے اسٹیج سے پی ایم مودی کے لئے چور لفظ کا بھی استعمال کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ اس ریلی میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی ان کے اوپر سخت کارروائی کرے۔

بی جے پی سے اگر شتروگھن سنہا باہر کیے جاتے ہیں تو وہ کہاں جائیں گے، فی الحال انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا ہے، حالانکہ وہ یہ بات ضرور کہہ چکے ہیں کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات وہ اپنے پارلیمانی حلقہ ہی سے لڑیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔