ویڈیو: مودی کے وہ پرانے پانچ سوال جس نے مودی کی ہی کر دی بولتی بند

آپ نے جو کچھ ماضی میں کیا ہے، وہ کبھی نہ کبھی آپ کے سامنے واپس آتا ہی ہے۔ ایسا ہی ہو رہا ہے پی ایم نریندر مودی کے ساتھ جنھوں نے سابق پی ایم منموہن سنگھ پر دہشت گردی کو لے کر تلخ تیر چلائے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی
وزیر اعظم نریندر مودی
user

قومی آوازبیورو

پرانی ہندی فلم کا گانا ہے ’آدمی جو کہتا ہے... زندگی بھر وہ صدائیں پیچھا کرتی ہیں...‘۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی کہی کچھ باتیں بھی ان کا پیچھا کرنے لگی ہیں۔ دراصل پلوامہ حملے میں 49 سی آر پی ایف جوانوں کے شہید ہونے کے بعد پی ایم مودی کی ایک تقریر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم کو ان کی ماضی میں کہی باتوں کی صدائیں سنائی جا رہی ہیں۔ ایسے ہی ایک ویڈیو میں نریندر مودی کو دکھایا گیا ہے کہ کس طرح وہ دہشت گردی کے ایشو پر سابقہ منموہن سنگھ حکومت کو شیشہ دکھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انھوں نے وزیر اعظم منموہن سنگھ سے پانچ سوال پوچھے تھے۔ سوال کچھ اس طرح تھے...

پہلا سوال- مجھے جواب دیجیے کہ یہ جو دہشت گردی ہے، اس کے پاس اسلحہ اور گولہ بارود کہاں سے آتا ہے، وہ تو بیرون ملک کی زمین سے آتا ہے۔ سرحدیں مکمل طور پر آپ کے قبضے میں ہیں۔بارڈر سیکورٹی فورس آپ کے قبضے میں ہیں۔

دوسرا سوال- دہشت گردوں کے پاس دولت آتی ہے، حوالہ سے آتا ہے، پورا منی ٹرانجیکشن کا کاروبار حکومت ہند کے قبضے میں ہے، آر بی آئی کے انڈر میں ہے، بینکوں کے ذریعہ سے ہوتا ہے۔ کیا وزیر اعظم اتنی نگرانی نہیں رکھ سکتے کہ یہ جو دولت بیرون ممالک سے آ کر دہشت گردوں کے ہاتھ میں جاتا ہے، آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ اسے کیوں نہیں روکتے ہیں؟

تیسرا سوال- بیرون ممالک سے درانداز آتے ہیں، درانداز دہشت گردوں کی شکل میں آتے ہیں، دہشت گردانہ واقعات انجام دیتے ہیں، بھاگ جاتے ہیں، وزیر اعظم جی آپ بتائیے، سرحدیں آپ کے ہاتھ میں ہیں، بی ایس ایف-فوج آپ کے ہاتھ میں ہے، کوسٹل سیکورٹی آپ کے ہاتھ میں ہے، نیوی آپ کے ہاتھ میں ہے، یہ بیرون ممالک سے درانداز کیسے ہندوستان میں گھس جاتے ہیں۔

چوتھا سوال- سارا کمیونکیشن حکومت ہند کے انڈر میں ہے، کوئی فون پر بات کرتا ہے، ای میل بھیجتا ہے، حکومت ہند اسے انٹریپٹ (انٹرسیپٹ) کر سکتی ہے۔ انٹرسیپٹ کر کے جانکاریاں پا سکتی ہیں کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں کون سا کمیونکیشن چل رہا ہے اور آپ اسے روک سکتے ہو۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں وزیر اعظم سے اس بارے میں آپ نے کیا کیا ہے؟

پانچواں سوال- بیرون ممالک میں جو دہشت گرد بھاگ چکے ہیں، بیرون ممالک میں بیٹھ کر ہندوستان میں دہشت گردی کے واقعات انجام دے رہے ہیں، ان کو سپردگی کے ذریعہ ہندوستان میں لانے کا ہمیں اختیار ہوتا ہے۔ آپ کی خارجہ پالیسی میں وہ کیا طاقت ہے۔

نریندر مودی نے آگے کہا تھا کہ ’’ایک بار ان پانچوں ایشوز پر کچھ کر کے دکھائیے، دہشت گردی جڑ سے اکھڑ جائے گا۔‘‘

یہ ویڈیو سینئر صحافی اور فلم ساز ونود کاپڑی نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ کاپڑی نے اسی ویڈیو کی بنیاد پر نریندر مودی سے سوال پوچھا ہے کہ ’’وزیر اعظم جی، دہشت گردی کیسے روکنا ہے، جب آپ کو اتنا سب بہت پہلے سے پتہ تھا تو پٹھان کوٹ، اُری کے بعد اب پلوامہ کیوں ہوا؟ ملک آج آپ سے پوچھ رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Feb 2019, 3:09 PM