گجرات کی تمام سیٹوں پر انتخاب لڑیں گے اور بدعنوانی پر لگام لگائیں گے: اروند کیجریوال

کیجریوال نے کہا ’’ہمار کوئی وزیر اعلیٰ، کوئی وزیر، کوئی رکن اسمبلی، کوئی رکن پارلیمنٹ کسی کو بدعنوانی نہیں کرنے دے گا، بدعنوانی کی تو جیل جائیں گے۔ گجرات کے عوام کا پیسہ گجرات کی ترقی پر خرچ ہوگا‘‘

وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال / ویڈیو گریب
وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

احمدآباد: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گجرات میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی ریاست کی تمام سیٹوں پر مقابلہ کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جا رہی ہے اور عام آدمی پارٹی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں بدعنوانی عروج پر ہے اور عآپ اگر اقتدار میں آئی تو اس پر لگام لگائی جائے گی۔

احمد آباد کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ کئی مہینوں سے گجرات میں گھوم رہے ہیں، عوام سے ملاقات کر رہے ہیں، وکلا سے، آٹو ڈرائیوروں سے، کسانوں سے جس سے بھی وہ ملے سب نے یہی کہا کہ گجرات میں بدعنوانی عروج پر ہے۔


انہوں نے مزید کہا ’’اگر آپ کسی بھی سرکاری محکمے میں کام کروانا چاہتے ہیں تو آپ کو رشوت دینی پڑتی ہے۔ نچلی سطح پر بھی کرپشن ہے، اوپر بھی الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔ ان کے خلاف کچھ بولو تو ڈرانے دھمکانے تک پہنچ جاتے ہیں، تاجر صنعت کاروں کو چھاپوں کی دھمکیاں دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ تمہارا کاروبار بند کرا دیں گے۔ چاروں طرف کرپشن اور غنڈہ گردی ہے۔ آج ہم ضمانت دیتے ہیں کہ اگر گجرات میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو بدعنوانی اور خوف سے پاک حکمرانی دی جائے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی بھی وزیر اعلیٰ، وزیر، وزیر یا رکن اسمبلی ہو، ہمارا کوئی رکن پارلیمنٹ ہو یا کسی اور کا رکن پارلیمنٹ ہو، ہم اسے بدعنوانی نہیں کرنے دیں گے، بدعنوانی میں ملوث ہوں گے تو جیل بھیجیں گے۔ گجرات کے عوام کا پیسہ گجرات کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، لیڈروں، وزرا، ارکان اسمبلی کے تمام کالے دھندے بند کئے جائیں گے۔ زہریلی شراب فروخت ہو رہی ہے، اتنا نشہ کہاں سے آ رہا ہے؟ ان کے سرپرست انہی پارٹیوں میں بیٹھے ہیں، یہ سب بند کیا جائے گا۔


وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ’’اگر میں گجرات کے لوگوں کو مفت بجلی دینے کی بات کر رہا ہوں تو بی جے پی اس کی مخالفت کیوں کر رہی ہے! اگر میں اسکولوں، اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کی بات کر رہا ہوں تو بی جے پی کو کیا مسئلہ ہے، وہ احتجاج کیوں کر رہے ہیں! جیسے دہلی کے لوگوں کو مفت بجلی ملی، پنجاب کے لوگوں کو ملی، گجرات کے لوگوں کو بھی ملنی چاہیے۔ گجرات کے اسکول اور اسپتال بھی ٹھیک ہونے چاہئیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */