کیا بی جے پی لیڈران ’چوہے والے‘ اسپتالوں میں اپنا علاج کروائیں گے؟ مہاراشٹر میں دردناک واقعہ پر کانگریس کا سوال

کانگریس کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کے اسپتال میں چوہا کاٹنے سے خاتون کی موت پہلا واقعہ نہیں ہے۔ پٹنہ میں چوہوں نے مریض کی انگلیاں کتر دی تھیں اور اندور میں چوہوں کے کاٹنے سے 2 نوزائیدہ کی موت ہو گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے ممبئی میں بھایندر واقع پنڈت بھیم سین جوشی اسپتال کے آئی سی یو میں انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب ایک مریض کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ضعیفہ کا علاج اسپتال میں چل رہا تھا اور چوہے نے اس کے ہاتھوں کی نس کاٹ دی، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ اس معاملہ میں کانگریس نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے اور اسپتال انتظامیہ کے ساتھ ساتھ بی جے پی حکومت کو بھی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ کانگریس نے اس واقعہ کی ایک ٹی وی رپورٹ کی کلپ اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر سے دل دہلانے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک سرکاری اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں چوہے کے کاٹنے سے ایک بزرگ خاتون کی موت ہو گئی۔‘‘

کانگریس نے اس واقعہ پر اپنی فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس حادثہ نے سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی اور صفائی کی قلعی کھول دی ہے۔ لیکن یہ پہلی بار نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ایسے شرمناک واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔‘‘ کانگریس نے اسپتالوں میں چوہوں کے کاٹنے سے جڑے کچھ واقعات کی مثالیں بھی پیش کی ہیں جو اس طرح ہیں:

  • پٹنہ میں چوہوں نے مریض کی انگلیاں کتر دیں

  • اندور میں چوہوں کے کاٹنے سے 2 نوزائیدہ بچوں کی موت ہو گئی

  • مرزا پور میں تو چوہے مورچری میں رکھی لاشوں کو ہی کتر گئے تھے


کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان ہو یا بہار… یہاں کے اسپتالوں میں چوہوں کی دہشت جاری ہے۔ یہ حکومت اور انتظامیہ کی شدید لاپروائی ہے، جس کا خمیازہ لوگ بھگت رہے ہیں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں کانگریس نے یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ ’’کیا بی جے پی کے لیڈران اور وزراء ان ’چوہے والے‘ اسپتالوں میں اپنا علاج کروائیں گے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔