آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ کی تباہی، شہروں کے انخلا کے احکامات، سڑکیں بند

مغربی آسٹریلیا میں شدید جنگلاتی آگ سے بڑے علاقے متاثر، شہروں کے انخلا کے احکامات، سڑکیں بند، ہزاروں افراد خطرے میں، حکام نے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آسٹریلیا کے جنوبی علاقوں میں پھیلی شدید جنگلاتی آگ نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ مغربی آسٹریلیا کے جنوب میں واقع علاقوں میں آگ کے باعث آمد و رفت معطل ہو گئی ہے اور متعدد شہروں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پہلے سے تیاری کی گئی تھی، تاہم آگ کے پھیلاؤ نے خطرات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مغربی آسٹریلیا کے محکمۂ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے جمعہ کی صبح ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے جنوبی ساحل پر، پَرتھ سے تقریباً 420 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع فِٹزجیرالڈ ریور نیشنل پارک میں لگی آگ انسانی جانوں اور گھروں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ الرٹ میں کہا گیا کہ آگ کی شدت اور موسم کی سختی کے باعث صورتحال تیزی سے بگڑ سکتی ہے۔


تقریباً دو ہزار آبادی پر مشتمل شہر ریوینس تھورپ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے رہائشیوں اور مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر راستے محفوظ ہوں تو فوراً علاقہ چھوڑ دیں۔ محکمۂ ایمرجنسی سروسز نے خبردار کیا کہ “آپ خطرے میں ہیں اور محفوظ رہنے کے لیے فوری اقدام ضروری ہے۔” جو لوگ علاقہ چھوڑنے سے قاصر ہیں، انہیں شدید گرمی اور دھویں کے باعث گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ آگ 16 جنوری کو نیشنل پارک میں آسمانی بجلی گرنے سے بھڑکی تھی اور جمعہ کی صبح تک 60 ہزار ہیکٹیئر سے زائد رقبہ جل چکا تھا۔ ریوینس تھورپ کے مغرب میں واقع ایک مرکزی شاہراہ بند کر دی گئی ہے، جبکہ شمال میں نیوڈیگیٹ شہر میں انخلا کے لیے ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔

یہ آگ جنوب مغربی آسٹریلیا میں لگی چار بڑی جنگلاتی آگ میں سے ایک ہے۔ پرتھ سے تقریباً 120 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع چار چھوٹے شہروں کے قریب 1500 افراد کو بھی انخلا کے احکامات دیے گئے ہیں، کیونکہ آگ بے قابو ہو کر شمال مشرقی سمت میں بڑھ رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق فِٹزجیرالڈ ریور نیشنل پارک سے 60 کلو میٹر شمال میں ڈن راک نیچر ریزرو اور 130 کلو میٹر جنوب مغرب میں گرین رینج کے قریب آگ لگنے کے باعث کم درجے کی ایمرجنسی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ان علاقوں کے مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر فوری انخلا کے لیے تیار رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔