راجستھان میں گھریلو تشدد کا عجیب و غریب معاملہ، پرنسپل شوہر کو بیوی نے کیا ٹارچر!

راجستھان کے الور ضلع واقع ایک اسکول کے پرنسپل نے اپنی بیوی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس پر ظلم کر رہی ہے، انھوں نے اس سلسلے میں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے الور ضلع سے ایک عجیب و غریب گھریلو تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں اسکول کے پرنسپل نے اپنی بیوی کے جسمانی اور ذہنی استحصال سے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ پولیس شکایت میں پریشان پرنسپل نے الزام لگایا کہ ان کی بیوی ان کو توے، ڈنڈے اور کرکٹ کے بلے سے پیٹتی ہے۔ پریشان پرنسپل نے ثبوت جمع کرنے کے لیے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ایک ویڈیو میں خاتون کے ذریعہ پرنسپل کو کرکٹ کے بلے سے پیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انھوں نے سیکورٹی کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور واقعہ کا فوٹیج ثبوت کے طور پر پیش کیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے انھیں سیکورٹی مہیا کرانے کا حکم دیا ہے۔

پرنسپل اجیت سنگھ یادو نے 7 سال پہلے ہریانہ کے سونی پت باشندہ سمن کے ساتھ رلیشن شپ میں رہنے کے بعد شادی کی تھی۔ شادی کے شروعاتی دور میں دونوں کی زندگی میں سب اچھا چل رہا تھا، لیکن کچھ وقت بعد دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑا شروع ہو گیا۔ لگاتار لڑائی جھگڑے کی وجہ سے اجیت سنگھ کو کئی چوٹیں آئیں اور انھیں ٹھیک کرنے کے لیے طبی امداد مانگی گئی ہے۔


اجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ ایک ٹیچر کے پیشے کے وقار کو دھیان میں رکھتے ہوئے تشدد کو برداشت کر رہے تھے۔ لیکن اب میں نے عدالت میں پناہ لی ہے، کیونکہ میری بیوی نے ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے کبھی سمن پر ہاتھ نہیں اٹھایا اور کبھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔ میں ایک ٹیچر ہوں۔ اگر ٹیچر ایک خاتون پر ہاتھ اٹھاتا ہے اور قانون اپنے ہاتھ میں لیتا ہے تو یہ ہندوستانی ثقافت اور اس کے حالات کے خلاف ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔