دہلی میں دھرنا و مظاہرہ کرنے والے لیڈروں کو پولیس کنگزوے کیمپ ہی کیوں لے جاتی ہے؟

حراست میں لیے گئے لیڈروں کو پولیس کنگزوے کیمپ واقع نئی پولیس لائن میں اُتسو سدن لے کر پہنچتی ہے، اُتسو سدن میں وافر جگہ ہے اور کئی طرح کی سہولیات بھی یہاں میسر ہیں۔

کنگزوے کیمپ میں زیر حراست کانگریس لیڈران راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ادھیر رنجن چودھری و دیگر
کنگزوے کیمپ میں زیر حراست کانگریس لیڈران راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ادھیر رنجن چودھری و دیگر
user

تنویر

کانگریس آج مہنگائی، بے روزگاری اور جی ایس ٹی جیسے ایشوز کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہے۔ راجدھانی دہلی میں کانگریس کے سرکردہ لیڈران سڑکوں پر اترے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور راہل گاندھی و پرینکا گاندھی جیسے کچھ سرکردہ لیڈران کو پولیس نے حراست میں لے کر کنگزوے کیمپ میں رکھا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انھیں کنگزوے کیمپ واقع نئی پولیس لائن لے جایا گیا ہے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، بلکہ اکثر جب سیاسی پارٹیوں کے لیڈران و کارکنان کی طرف سے ملک گیر یا ریاست گیر دھرنا و مظاہرہ کیا جاتا ہے تو دہلی میں نظامِ قانون بنائے رکھنے کے لیے پولیس مظاہرین کو حراست میں لے کر کنگزوے کیمپ پہنچ جاتی ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ان تین اہم نکات پر جس وجہ سے حراست میں لیے گئے سرکردہ لیڈروں کو کنگزوے کیمپ لے جایا جاتا ہے۔

1. اُتسو سدن میں کئی طرح کی سہولیات میسر

حراست میں لیے گئے لیڈروں کو پولیس کنگزوے کیمپ واقع نئی پولیس لائن میں اُتسو سدن لے کر پہنچتی ہے۔ اُتسو سدن میں وافر جگہ ہے اور کئی طرح کی سہولیات بھی یہاں میسر ہیں۔ رواں سال مئی میں دہلی پولیس کے کمشنر راکیش استھانہ نے یہاں بینکوئٹ ہال کا بھی افتتاح کیا تھا۔ یہ بینکوئٹ ہال دراصل پولیس اہلکاروں کے یہاں ہونے والی شادیوں و پارٹیوں اور دیگر تقاریب کے لیے بنایا گیا ہے۔ اُتسو سدن کے بینکوئٹ ہال کو بنانے میں تقریباً 7 کروڑ روپے کا خرچ آیا ہے۔ یہاں پارکنگ کے لیے بھی خاص انتظام ہے اور نوتعمیر بینکوئٹ ہال میں 500 سے 700 لوگوں کے ٹھہرنے کی صلاحیت ہے۔ یعنی بڑی تعداد میں حراست میں لیے گئے لیڈروں کو رکھنا بہت آسان ہے۔


2. پولیس لائن میں سیکورٹی کے بہتر انتظامات

پولیس لائن ہونے کی وجہ سے یہاں وی وی آئی پی لوگوں کے لیے سیکورٹی کا چیلنج دیگر مقامات کے مقابلے کافی کم ہو جاتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر یہاں پہلے سے ہی پولیس جوان بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔ ایسے میں سیکورٹی انتظامات دیگر تھانوں کے مقابلے میں کافی آسان ہو جاتا ہے۔ یعنی کسی بھی طرح کی ہلچل یا پھر سرگرمی پر قابو پانا کنگزوے کیمپ میں پہلے سے موجود سیکورٹی اہلکاروں کے لیے کوئی مشکل کام نہیں۔

3. دہلی میں اہم مظاہرے کے مقامات سے پولیس لائن کافی دور

دہلی میں عام طور پر دھرنا دینے والی جگہ جنتر منتر یا پھر پارلیمنٹ ہاؤس کے آس پاس والا علاقہ ہے۔ سیاسی پارٹیاں یا پھر سماجی تنظیمیں ان جگہوں کو ہی اپنے احتجاجی مظاہرے کے لیے چنتی ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کنگزوے کیمپ کی پارلیمنٹ ہاؤس سے دوری تقریباً 12 کلومیٹر ہے۔ ایسے میں یہاں لیڈروں کو لانے کے بعد اگر پھر سے انھیں چھوڑا جائے تو بھی دھرنا والی جگہ پر پہنچنے میں کافی وقت لگے گا۔ ویسے پولیس حراست میں لیے گئے لیڈروں کو عموماً ایک مقررہ مدت کے بعد ہی رِہا کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔