سشما، گڈکری اور جیٹلی ورما کو ہٹانے کے حق میں نہیں تھے صرف مودی چاہتے تھے: راہل

ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے سوال کیا کہ سی بی آئی سربراہ کو دو بار ہٹانے کی کیا جلدی تھی؟

تصویر سوشل میڈیا 
تصویر سوشل میڈیا
user

Syed Khurram Raza

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر سی بی آئی سربراہ آلو ک ورما کو جلدی ہٹانے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’آپ مجھے بتائیے کہ سی بی آئی سربراہ کو دو مرتبہ ہٹانے کی جلدی کیا تھی؟ایک مرتبہ رات کو ڈیڑھ بجے وزیر اعظم لکھ رہے ہیں کہ ان کو جلدی ہٹاؤ پھر سپریم کورٹ کہتا ہے کہ ان کو واپس لاؤ تو اس کے چند گھنٹوں کے اندر وزیر اعظم کہتے ہیں کہ سی بی آئی سربراہ کو پھر سے نکالو۔ اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت میں کوئی نہیں کہتا کہ سی بی آئی سربراہ کو ہٹاؤ۔ گڈکری، سشما جی اور ارون جیٹلی جی نہیں کہتے ہیں صرف نریندر مودی جی کہہ رہے ہیں کہ ان کو ہٹاؤ‘‘۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’پورا ملک جانتا ہے کہ سی بی آئی کے سربراہ رافیل پر جانچ کرنے جا رہے تھے۔ ان پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔ جب انہوں نے جانچ کا کام شروع کیا تو نریندر مودی نے ان کو ہٹا دیا۔ اب کیوں ہٹایا اس کا جواب راہل گاندھی نہیں دے سکتا، اس کا جواب تو نریندر مودی کو ہی دینا ہو گا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بات صاف ہے کہ ایچ اے ایل جہاز بنانا جانتی ہے اور گزشتہ سو سالوں سے بنا رہی ہے۔ انل امبانی ہوائی جہاز بنانا نہیں جانتے پتہ نہیں انہیں تیس ہزار کروڑ روپے کا کانٹریکٹ مودی نے کیسے دے دیا؟ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم میرٹ کی بات کرتے ہیں، نامدار کی بات کرتے ہیں۔ آپ بتایئے انل امبانی میں کیا میرٹ ہے؟ ایچ اے ایل کو یہ کام کیوں نہیں دیا گیا؟‘‘

راہل گاندھی نے قومی معیشت کے تعلق سے کہا کہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ گھریلو صنعت ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج چھوٹا دوکاندار ہاتھ جوڑ کر کہتا ہے کہ ’’پہلے نریندر مودی کو ہٹاؤ‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Jan 2019, 9:02 AM