کوہلی اورانوشکا حب الوطن نہیں:بی جے پی ممبراسمبلی

اگر تم اٹلی میں شادی کر رہے ہو تو ملک کو کیا دو گے! ذرا باریکی سے سوچو، اٹلی والے یہاں آ کر ارب پتی-کروڑ پتی ہو گئے اور تم اٹلی میں جا کر ناچ رہے ہو: پنّا لال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے بی جے پی ممبر اسمبلی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ انوشکا شرما کی حب الوطنی پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں کو ہندوستان میں ہی کسی مقام پر شادی کرنی چاہیے تھی لیکن اٹلی میں شادی کی تقریب منعقد کر انھوں نے ظاہر کر دیا ہے کہ ان کے اندر حب الوطنی کا جذبہ نہیں ہے۔

دراصل ایک تقریب کے دوران بی جے پی ممبر اسمبلی پنّا لال شاکیہ نے موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’وِراٹ نے ہندوستان میں پیسہ کمایا، لیکن شادی کے لیے انھیں ہندوستان میں کہیں جگہ نہیں ملی۔ کیا ہندوستان اتنا اچھوت ہے کہ وہ اٹلی جا کر شادی کر رہے ہیں!‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بھگوان رام، بھگوان کرشن، وکرمادتیہ، یودھشٹر کی شادی اسی زمین پر ہوئی ہے۔ آپ سب کی بھی ہوئی ہوگی یا ہونے والی ہو گی۔ مگر ہم میں سے شادی کرنے کے لیے کوئی بیرون ملک نہیں جاتا۔ انھوں (کوہلی) نے پیسہ یہاں کمایا اور شادی میں اربوں روپے وہاں (اٹلی میں) خرچ کیے۔ ہندوستانی زمین کے تئیں ان (کوہلی) کے دل میں کوئی عزت نہیں ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ حب الوطن نہیں ہیں۔‘‘ اتنا ہی نہیں، پنّا لال نے یہاں تک کہہ ڈالا کہ ’’اگر تم اٹلی میں شادی کر رہے ہو تو ملک کو کیا دو گے! ذرا باریکی سے سوچو، اٹلی والے یہاں آ کر ارب پتی-کروڑ پتی ہو گئے اور تم اٹلی میں جا کر ناچ رہے ہو۔‘‘

بی جے پی ممبر اسمبلی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے اور ان کے خلاف آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں۔ کچھ لوگ تو پنّا لال کے بیان سے اس قدر ناراض ہیں کہ انھیں خودکشی تک کرنے کی صلاح دے رہے ہیں۔ بی جے پی بھی پنّا لال کے بیان سے خوش نہیں ہے اور میڈیا سے بات چیت کے دوران پارٹی ترجمان رجنیش اگروال کا کہنا ہے کہ بی جے پی کا اس بیان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور جو کچھ بھی پنّا لال نے بولا ہے وہ ان کا ذاتی نظریہ ہے۔

سوشل میڈیا پر بی جے پی ممبر اسمبلی کو اس لیے بھی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ وراٹ کوہلی کے متعلق انھوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’تم (کوہلی) اپنے ملک کی پونجی وہاں لے جا رہے ہو۔ وہاں جا کر ان کو دولت دے رہے ہو۔ ایسا شخص ہمارا رول ماڈل نہیں ہوگا۔ ہمارا رول ماڈل وہ شخص ہوگا جو محنت سے پیسہ جمع کرے گا اور ملک کے تئیں ایماندار ہوگا۔‘‘ ظاہر سی بات ہے کہ وراٹ کوہلی نے ہندوستان کا وقار اونچا کرنے کے لیے کرکٹ کے میدان پر بے شمار قابل ذکر پاریاں کھیلی ہیں اور کئی ایسے ریکارڈ قائم کیے ہیں جو کسی بھی ملک کے لیے فخر کا موقع میسر کرتا ہے۔

گزشتہ دنوں وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما نے جب اٹلی میں شادی کی تو انھیں پوری دنیا کے شیدائیوں سے مبارکبادیاں حاصل ہوئیں، لیکن جس طرح بی جے پی ممبر اسمبلی نے ان کی حب الوطنی پرانگلی اٹھائی ہے، اس سے یقینا کوہلی اور انوشکا کو تکلیف پہنچی ہوگی۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Dec 2017, 4:16 PM