تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی کے خط کو اپنے لیے آسکر اور نوبل ایوارڈ جیسا کیوں بتایا؟
ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی کے ذریعہ بھیجے گئے خط کو اپنے وزیر اعلیٰ عہدہ یا اپنے ذریعہ کیے گئے ترقیاتی کاموں سے بھی بڑا قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے لیے یہ تعریفی خط آسکر کے برابر ہے۔

سونیا گاندھی، ریونت ریڈی / آئی اے این ایس
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے نام سونیا گاندھی نے ایک خط لکھا ہے جس کا تذکرہ ریڈی نے 24 جولائی کو دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک تقریب سے خطب کرتے ہوئے کیا۔ اس خط کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اسے اپنی سیاسی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تصور کرتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ خط ان کے لیے آسکر ایوارڈ اور نوبل ایوارڈ کے برابر ہے۔
دراصل سونیا گاندھی نے اپنے خط میں مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت اور ان کے ذریعہ کیے گئے کاموں کی تعریف کی ہے۔ تلنگانہ میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائے جانے کو بھی انھوں نے ایک بڑا کارنامہ قرار دیا۔ انہی تعریفوں کے لیے ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ خط ان کے لیے ہمیشہ خاص رہے گا۔ انھوں نے سونیا گاندھی کے ذریعہ دیے گئے اس خط کو اپنے وزیر اعلیٰ عہدہ یا اپنے ذریعہ کیے گئے ترقیاتی کاموں سے بھی بڑا قرار دیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ’’میرے لیے یہ تعریفی خط آسکر ایوارڈ، نوبل ایوارڈ اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے برابر ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت میں میرے عہدہ کی پروا کیے بغیر یہ خط میرے لیے ہمیشہ خاص رہے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 24 جولائی کو منعقد ایک تقریب میں ریونت ریڈی نے کانگریس لیڈران کو خطاب کرتے ہوئے ذات پر مبنی مردم شماری کی تکمیل سے متعلق کچھ اہم باتیں سامنے رکھی تھیں۔ انھوں نے اس جلسہ میں تلنگانہ کے سماجی، معاشی، تعلیمی، روزگار و سیاسی، ذات (ایس ای ای پی سی) پر مبنی سروے کے نتائج پیش کیے۔ انھوں نے کہا کہ اس سروے میں گھر گھر جا کر اور سیلف سرٹیفکیشن کے ذریعہ سے 88 کروڑ سے زائد صفحات کا ڈاٹا جمع کیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ یہ ہدف ایک سال میں پورا کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایس ای ای پی سی سروے کی سوچ کا سہرا کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے سر باندھا۔ انھوں نے کہا کہ ذات پر مبنی سروے کا وعدہ تلنگانہ میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران کیا گیا تھا، اور ایک سال کے اندر ہی یہ وعدہ پورا ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔