گجرات کے نوجوانوں کو نشہ میں کیوں دھکیلا جا رہا ہے؟ راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ گجرات میں منشیات مسلسل پکڑی جا رہی ہیں لیکن مافیا کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی، اس لیے حکومت کو بتانا چاہیے کہ وہاں منشیات اور شراب مافیا کو تحفظ کون دے رہا ہے

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ گجرات میں منشیات مسلسل پکڑی جا رہی ہیں لیکن مافیا کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی ہے، اس لیے حکومت کو بتانا چاہیے کہ وہاں منشیات اور شراب مافیا کی پشت پناہی کو کر رہا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ گجرات کی بندرگاہ پر تین بار بڑی مقدار میں منشیات پکڑی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے، سوال یہ ہے کہ آخر گجرات کے نوجوانوں کو منشیات کے دلدل میں کیوں دھکیلا جا رہا ہے؟


راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’گجرات کے موندرا پورٹ پر 21 ستمبر کو 21000 کروڑ روپے کی 3000 کلو گرام، 22 مئی کو 500 کروڑ روپے مالیت کی 56 کلو گرام اور 22 جولائی کو 375 کروڑ روپے مالیت کی 75 کلوگرام کی منشیات برآمد ہوئی۔ ڈبل انجن والی حکومت میں بیٹھے کون لوگ ہیں جو ڈرگ-شراب مافیا کو مسلسل تحفظ دے رہے ہیں۔ گجرات کے نوجوانوں کو نشے میں کیوں دھکیلا جا رہا ہے؟‘‘

انہوں نے کہا، ’’میرا سوال ہے کہ ایک ہی بندرگاہ پر تین بار منشیات برآمد ہونے کے باوجود اسی بندرگاہ پر مسلسل منشیات کس طرح اتر رہی ہے۔ کیا گجرات میں نظم و نسق درہم برہم ہو چکا ہے؟ مافیا کو قانون کا کوئی خوف نہیں یا یہ مافیا ہی کی حکومت چل رہی ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔