فڑنویس کا مہاراشٹر میں ہندی کو لازمی زبان بنانے پر اصرار، سپریا سولے نے پوچھا، ’ان پر کس کا دباؤ ہے؟‘

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ فڑنویس نے ریاست میں ہندی کو لازمی زبان بنانے کی وکالت کی ہے، جس پر این سی پی رہنما سپریا سولے نے سوال اٹھایا کہ آیا ان پر کوئی دباؤ تو نہیں؟

<div class="paragraphs"><p>سپریا سولے / سوشل میڈیا</p></div>

سپریا سولے / سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک بار پھر ریاست میں سہ لسانی فارمولے کے تحت ہندی زبان کو نافذ کرنے کی بات کہہ دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ سہ لسانی فارمولہ مہارشٹر میں صد فیصد نافذ ہو گا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شدید مخالفت کے بعد ہندی زبان کو ریاست میں تیسری لازمی زبان بنانے کی تجویز واپس لے لی گئی۔ اب ان کے حالیہ بیان سے لسانی تنازعہ کا معاملہ ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے۔ فڑنویس کے ہندی زبان کو نافذ کرنے کے بیان پر این سی پی (ایس سی پی) رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’دیویندر فڑنویس پر کس کا اس قدر دباؤ ہے؟‘‘

سپریا سولے نے صحافیوں کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے دیویندر فڑنویس کی فکر ہو رہی ہے۔ کون ان پر دباؤ بنا رہا ہے؟ مہاراشٹر میں ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ گجرات، تمل ناڈو، کیرالہ اور اوڈیشہ سمیت بہت ساری ایسی ریاستیں ہیں جنہوں نے ایسا نہیں کیا۔ کس کا دباؤ ہے مہاراشٹر اور دیویندر فڑنویس پر جس کی وجہ سے ان کو ایسا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘


سپریا سولے نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ہندی کے مقابلہ میں مراٹھی کو کم دکھا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مجھے جتنا پیار مراٹھی سے ہے اتنا ہی ہندی، تیلگو اور کنڑ سمیت تمام زبانوں سے ہے۔ ہر زبان کا احترام ہونا چاہیے، یہی ہماری ثقافت ہے، لیکن کسی زبان کو کم تر دکھانا ہمارا اخلاق نہیں ہے۔ انہوں نے مراٹھی زبان کو ماں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ ماں سے ایسا سلوک کیوں کر رہے ہیں؟ خالہ سے بھی اتنا ہی پیار کریے کوئی دقت نہیں ہے، لیکن ماں تو ماں ہوتی ہے۔ کیونکہ مراٹھی زبان مہاراشٹر کی ماں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔