کیا امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بنایا: عمر عبداللہ

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ’’کیا امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بناکر ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کہ ’ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے خوشگوار خبریں موصول ہورہی ہیں‘ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ 'کیا امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بنا کر ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے'۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے اب خوشگوار خبریں موصول ہو رہی ہیں، طرفین کے درمیان عرصہ دراز سے جاری کشیدگی بہت جلد ختم ہوگی۔

عمر عبداللہ نے امریکی صدر کے اس بیان پر مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’’چلو امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بنایا ہے اور اس کے بدلے ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے، اس بیان سے میں نے یہی سمجھ لیا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی منگل کے روز اُس وقت مزید بڑھ گئی جب ہندوستانی جنگی طیاروں نے سرحد پار پاکستانی صوبہ خیبر پختونخواہ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر کارروائیاں کرنے کا دعوی کیا۔ ہندوستانی فضائیہ کی جوابی کارروائی کے دوران ایک میگ 21 کریش ہو گیا اور اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو پاکستانی فوج نے حراست میں لے لیا۔

آج یعنی جمعرات کو پاکستانی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ابھینندن ورتمان کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ قیام امن کے لئے پہل کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ابھینندن ورتمان کو رہا کر دیا جائے گا۔ اس خبر کے موصول ہونے کے بعد ہندوستان کے عوام میں خوشی پائی جا رہی ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔