’ملک میں جہاں بھی فراڈ ہو رہا، اس کے تار بی جے پی سے جڑے ہیں‘، وکاس گرگ کی گرفتاری پر کانگریس کا رد عمل

کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے لوگ لوٹ کھسوٹ کا گینگ چلا رہے ہیں۔ اس گینگ کے گرگے عوام کو لوٹ کر اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں اور کمیشن بی جے پی تک پہنچا رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>مہادیو ایپ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

مہادیو بیٹنگ ایپ معاملہ میں وکاس گرگ کی گرفتاری پر کانگریس نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’ای ڈی نے مہادیو بیٹنگ ایپ کی دھاندلی میں وکاس گرگ کو گرفتار کیا ہے۔ وکاس گرگ بی جے پی کے اکونومک سیل کا کنوینر ہے۔‘‘ اس تبصرہ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری کیا ہے۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’مہادیو بیٹنگ نیٹورک سے جمع کیے گئے غیر قانونی پیسے کو وکاس گرگ کی کمپنیوں میں لگایا گیا۔ اس سے کئی ملکیتیں خریدی گئیں۔ ظاہر ہے، ملک میں جہاں بھی فراڈ ہو رہا ہے، اس کے تار بی جے پی سے جڑے ہیں۔‘‘

کانگریس نے بی جے پی پر مہادیو بیٹنگ ایپ اور اس طرح کے دوسرے غلط کاموں سے مالی فائدہ اٹھانے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی کے لوگ لوٹ کھسوٹ کا گینگ چلا رہے ہیں۔ اس گینگ کے گرگے عوام کو لوٹ کر اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں اور کمیشن بی جے پی تک پہنچا رہے ہیں۔‘‘ کانگریس نے اس بیان کے ذریعہ براہ راست بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 15 جولائی کو مہادیو آن لائن بیٹنگ ایپ سے جڑے کروڑوں روپے کے منی لانڈنگ معاملے میں ’ایبکس گروپ‘ کے چیئرمین وکاس گرگ کو گرفتار کیا تھا۔ افسران نے بتایا کہ دہلی میں ان کے ٹھکانوں پر تلاشی کے بعد 53 سالہ گرگ کو پی ایم ایل اے کے تحت حراست میں لیا گیا۔ انھیں دہلی کی ایک خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ای ڈی کو انھیں چھتیس گڑھ کے رائے پور لے جانے کے لیے 24 گھنٹے کی حراست دی۔ اس معاملے کی جانچ رائے پور میں ہی چل رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتہ ای ڈی نے ایک پریس بیان میں کہا تھا کہ اس نے اس جانچ کے تحت وکاس گرگ، ان کے اہل خانہ اور ان سے جڑی کمپنیوں کی 940.77 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ یہ ضبطی مہادیو آن لائن بُک/اسکائی ایکسچینج ناجائز آن لائن بیٹنگ معاملے میں چل رہی منی لانڈرنگ جانچ کا حصہ ہے۔ ای ڈی نے یہ بھی مطلع کیا کہ مہادیو بیٹنگ ایپ معاملے میں چھتیس گڑھ کے کئی بڑے لیڈران اور افسران شامل ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔