’جہاں پیدا ہوا، لوک سبھا انتخاب لڑا، وہیں ووٹر لسٹ سے کٹ گیا نام‘، ایس آئی آر عمل پر پرکاش راج نے اٹھائی انگلی

پرکاش راج نے کہا ہے کہ ’’دوستوں میں آپ کے ساتھ ایک مذاق شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ میں ان 65 لاکھ ووٹرس میں سے ایک ہوں، جس کے ووٹنگ کا اختیار ’ایس آئی آر‘ کے بعد بنگلورو حلقۂ انتخاب سے ہٹا دیا گیا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پرکاش راج، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

کرناٹک میں ووٹر لسٹ کی شفافیت کے لیے ’خصوصی گہری نظرثانی‘ (ایس آئی آر) کا عمل جاری ہے۔ اس درمیان مشہور و معروف اداکار پرکاش راج نے سوشل میڈیا پلیٹ فام کے ذریعہ دعویٰ کیا ہے کہ کرناٹک میں ’ایس آئی آر‘ کے بعد جاری بنگلورو کی ووٹر لسٹ سے ان کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ جن ووٹرز کے ناموں کو ایس آئی آر کے تحت نشان زد کیا گیا ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی معلومات کی تصدیق کریں اور ووٹر لسٹ میں اپنے نام شامل کرنے کے لیے ضروری قدم اٹھائیں۔

اداکار پرکاش راج نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے ’ایس آئی آر‘ کے عمل میں ہوئی لاپروائی کے بارے میں بتایا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’دوستوں میں آپ کے ساتھ ایک مذاق شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ میں ان 65 لاکھ ووٹرس میں سے ایک ہوں، جس کے ووٹنگ کا اختیار ’ایس آئی آر‘ کے بعد بنگلورو حلقۂ انتخاب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ اچھا مذاق ہے، کیوں ہے نا؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اسی حلقۂ انتخاب میں پیدا ہوا تھا۔ میں اسی حلقۂ انتخاب میں مقیم رہا۔ میری اسکولنگ، کالج اور تھیٹر سب یہیں پر ہوئے ہیں، اور آپ کی اطلاع کے لیے بتا دوں کہ میں اسی حلقہ انتخاب سے لوک سبھا کے لیے امیدوار بھی رہا ہوں۔‘‘


پرکاش راج نے اپنی پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’خیر یہ مذاق اچھا ہے۔ گیم شروع ہو گیا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ اپنا ووٹر آئی ڈی کارڈ واپس پانے کے لیے مجھے کس عمل سے گزرنا ہوگا۔ لیکن ایک چھوٹی سی بات، میرے دوست، آپ اپنی طاقت کا استعمال کر کے کچھ ایسے شہریوں کو ووٹ دینے کے اختیار سے محروم کر سکتے ہیں جو شاید آپ کو منتخب نہ کریں۔ لیکن کیا آپ ہمیں، میرے پیارے دوست، آپ کو اقتدار سے ہٹانے کی ہماری طاقت کا استعمال کرنے سے روک سکتے ہیں؟ بس پوچھ رہا ہوں۔ الوداع۔‘‘

واضح رہے کہ ’ایس آئی آر‘ عمل کے دوران بنگلورو کے تقریباً آدھے ووٹر لسٹ سے باہر ہونے والے ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بنگلورو میں رجسٹرڈ تقریباً آدھے ووٹرس اس ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں، جسے ایس آئی آر عمل کے دوران 17 اگست کو شائع کیا جانا ہے۔ کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) وی انبوکمار نے کہا کہ ریاست بھر میں نشان زد کیے گئے 1.11 کروڑ ووٹروں میں سے بنگلور میں 1.03 کروڑ ووٹر ہیں، اور اس میں سے 49.42 لاکھ ووٹرس کو ’ابسینٹ، شفٹ، ڈیڈ، ڈپلیکیٹ‘ یا دیگر زمرے کے تحت نشان زد کیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔