چین سے ہماری زمین کب واپس لے گی مودی حکومت: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر چین تنازعہ پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور پوچھا کہ ہماری وہ زمین کب واپس لی جائے گی جو چین نے اپنے قبضہ میں لے لی ہے

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان اور چین کے مابین جاری سرحدی تناوہ کے درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چینی دراندازی کے حوالہ سے ایک مرتبہ پھر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ مودی حکومت ہماری اس زمین کو کب واپس لیگی جس پر چین نے قبضہ کر لیا ہے۔

جمعہ کی صبح اپنے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے لکھا، ’’چین نے ہماری زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔ حکومت ہند اسے کب واپس لینے جا رہی ہے؟ یا پھر اسے بھی ’ایکٹ آف گوڈ‘ (خدا کا کیا گیا کام) قرار دے کر چھوڑ دیا جائے گا۔‘‘ راہل گاندھی اس سے قبل بھی چینی دراندازی پر مودی حکومت سے سوال پوچھتے رہے ہیں۔


راہل گاندھی کا تازہ ٹوئٹ ایسے وقت میں آیا ہے جب روس کے توسط سے ہندوستان اور چین کی میٹنگ میں سرحدی تنازعہ کو کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس حوالہ سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور چین میں ایک 5 نکاتی فارمولہ طے کیا گیا ہے۔ تاہم اس فارمولہ میں چین کی طرف سے قبضہ میں لی گئی اس ہندوستانی زمین کا کوئی ذکر نہیں ہے جس پر راہل گاندھی سوال پوچھ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان حقیقی کنٹرول لائن پر جاری تناؤ میں اضافہ نہیں چاہتا اور چین کے تئیں ہندوستان کی پالیسی میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ادھر چینی وزارت خارجہ کی طرف سے بھی بیان دیا گیا ہے کہ دو پڑوسی مالک ہونے کے ناطہ سرحد پر چین اور ہندوستان کے مابین کچھ نااتفاقیاں ضرور ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ نااتفاقیوں کو دور کرنے کے لئے مثبت نظریہ اختیار کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Sep 2020, 10:17 AM
/* */