جب 3 عہدیداروں کے شہید ہونے کی خبر آئی، اس وقت بی جے پی ہیدکوارٹر میں بادشاہ کے لیے جشن کی محفل سجی تھی! پون کھیڑا

کشمیر کے اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں فوجی کرنل، میجر اور جموں کشمیر پولیس کے ڈی اس پی شہید ہو گئے۔ گزشتہ شام جب یہ خبر آئی تو بی جے پی ہیڈکوارٹر میں جی-20 کے انعقاد کا جشن چل رہا تھا

کانگریس ترجمان پون کھیڑا، تصویر یو این آئی
کانگریس ترجمان پون کھیڑا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں فوج کے کرنل، میجر اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی کی شہادت پر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ کچھ بھی ہو جائے، وزیر اعظم اپنی واہوہی کو ملتوی نہیں کر سکتے!

خیال رہے کہ جی-20 کے کامیاب انعقاد کے پیش نظر بدھ کی شام بی جے پی کے نیشنل ہیڈ کوارٹر میں وزیر اعظم مودی کے استقبالیہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ اس دوران کئی مرکزی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔ وزیر اعظم کے استقبال کے لیے نعرے لگائے گئے اور پارٹی میں جشن کا ماحول تھا، جس پر کانگریس نے سوال اٹھائے ہیں۔


پون کھیڑا نے ایکس ہینڈل پر لکھا ’’آج جس وقت سرحد پر ہماری فوج کے تین عہدیداروں کے شہید ہونے کی تکلیف دہ خبریں آ رہی تھیں، اسی وقت بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بادشاہ کے لیے جشن کی محفل سجی تھی۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے، وزیر اعظم اپنی واہوہی کو ٹال نہیں سکتے۔‘‘

خیال رہے کہ اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں فوج کے کرنل منپریت سنگھ، بٹالین کمانڈنٹ میجر آشیش دھنوت اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی ہمایوں بھٹ شہید ہو گئے ہیں۔ جوانوں کی شہادت پر پورے ملک میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ آج وادی کشمیر میں ملی ٹینٹوں کے خلاف ’آل آؤٹ آپریشن‘ چلایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔