وزیر اعظم مودی نے بلاس پور ایمس کا کیا افتتاح، کہا- ’ہماچل کی روٹی کھائی ہے، یہاں کا قرض چکانا پڑے گا!‘

بلاس پور کے لوہنو میدان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ہماچل پردیش بہادروں کی سرزمین ہے۔ میں نے ہماچل کی روٹی کھائی ہے، اس لیے مجھے یہاں کا قرض بھی چکانا ہے۔‘‘

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بلاس پور (ہماچل پردیش): وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ہماچل پردیش کے بلاس پور میں ایمس کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہماچل پردیش کو 3650 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا تحفہ بھی دیا۔ بلاس پور کے لوہنو میدان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ہماچل پردیش بہادروں کی سرزمین ہے۔ میں نے ہماچل کی روٹی کھائی ہے، اس لیے مجھے یہاں کا قرض بھی چکانا ہے۔‘‘

پی ایم مودی نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ وجے دشمی کے موقع پر ہماچل پردیش کے لوگوں کو صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کے ہزاروں کروڑ کے پروجیکٹ تحفے میں دینے کا موقع ملا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، آج ہماچل میں ایک سنٹرل یونیورسٹی بھی ہے، آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم جیسے نامور ادارے قائم ہیں اور اب ملک میں طبی تعلیم اور صحت کا سب سے بڑا ادارہ ایمس بھی بلاس پور کی شان بڑھا رہا ہے۔


وزیر اعظم نے کہا کہ ہماچل، جو ملک بھر میں قوم کا دفاع کرنے والے بہادروں کے لیے مشہور ہے، وہی ہماچل اب ایمس کے بعد، زندگی کی حفاظت میں بھی اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہماچل ملک کی ان 3 ریاستوں میں سے ایک ہے جنہیں بلک ڈرگ پارکس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ہماچل بھی ان 4 ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں میڈیکل ڈیوائس پارک قائم کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہماچل کا ایک اور رخ بھی ہے، جس میں یہاں ترقی کے لامحدود امکانات پوشیدہ ہیں، وہ ہے میڈیکل ٹورازم کا پہلو۔ یہاں کی آب و ہوا، یہاں کا ماحول، یہاں کی جڑی بوٹیاں بہتر صحت کے لیے بہت موزوں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔