’اڈانی-امبانی کو زمین چاہیے تو حکومت کو زمین نظر آتی ہے، جب کسانوں کو چاہیے تو امت شاہ کہتے ہیں بہار میں زمین نہیں‘

راہل گاندھی نے بہار کے دربھنگہ میں عوامی سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی اڈانی-امبانی کے اوزار ہیں۔ آپ یہ مت سوچیے کہ وہ آپ کے ذریعہ منتخب وزیر اعظم ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دربھنگہ میں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’جب اڈانی-امبانی کو زمین چاہیے ہوتی ہے، حکومت کو زمین مل جاتی ہے۔ لیکن جب کسانوں کے بچوں کو کارخانہ کھولنا ہوتا ہے، تو امت شاہ کہتے ہیں– بہار میں زمین نہیں ہے۔‘‘ یہ بیان آج راہل گاندھی نے بہار کے دربھنگہ میں ایک عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ بہار میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ریاست کے دورہ پر ہیں اور مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو کے ساتھ مختلف مقامات پر عوام سے روبرو ہو رہے ہیں۔

دربھنگہ میں راہل گاندھی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اُس بیان کو یاد کیا جب ایک صحافی سے انھوں نے کہا تھا کہ ’بہار کے اندر ہم سب جانتے ہیں زمین کی کمی ہے‘۔ اس بیان کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ نے دربھنگہ میں لوگوں کی بھیڑ کے سامنے سوال کیا کہ ’’زمین کی کمی ہے تو اڈانی کو ایک روپے میں کون سی زمین دی جا رہی ہے؟ کیا وہ بہار کی زمین نہیں ہے؟‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جب کسان سے زمین چھیننی ہوتی ہے تو 2 منٹ میں ان کو زمین مل جاتی ہے۔ لیکن جب کسان کہتا ہے کہ میرے بچے کو بزنس چلانا ہے، کارخانہ کھولنا ہے، فیکٹری کھولنی ہے، تو امت شاہ کہتے ہیں– بھیا بہار میں زمین نہیں ہے۔‘‘


امبانی خاندان میں ہوئی ایک شادی کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’امبانی کی شادی میں نریندر مودی گئے، لیکن میں نہیں گیا۔ کیونکہ نریندر مودی اڈانی-امبانی کے اوزار ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آپ یہ مت سوچیے کہ وہ آپ کے ذریعہ منتخب کیے گئے وزیر اعظم ہیں۔ نریندر مودی ان (امبانی-اڈانی) لوگوں کے لیے راستہ کھولتے ہیں۔ نوٹ بندی کی گئی، غلط جی ایس ٹی نافذ کیا گیا، ایک روپے میں بہار کی زمین اور دھاراوی کی زمین دے دی۔‘‘

راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے عوام کے سامنے پی ایم مودی خوب ڈراما کرتے ہیں، لیکن کام ہمیشہ سرمایہ دار طبقہ کے لیے کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی ووٹ کے لیے اسٹیج پر آ کر ڈانس بھی کر لیں گے۔ آپ جو کہیں گے، وہ کریں گے... لیکن انتخاب سے پہلے۔ انتخاب کے بعد مودی جی امبانی کی شادی میں دکھائی دیں گے، سوٹ بوٹ والوں کے ساتھ نظر آئیں گے۔ کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ وہ دکھائی نہیں دیں گے۔‘‘


عوام کے سامنے کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اپیل کی کہ وہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنانے میں مدد کریں، پھر بہار کو ترقی کی راہ پر ہموار کرنا مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں کی ذمہ داری ہوگی۔ انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ ’’مہاگٹھ بندھن کی حکومت ہر مذہب، ہر ذات کی حکومت ہوگی۔ ہماری حکومت بہار کو ترقی کی پٹری پر لائے گی۔ اس میں ہر طبقہ کے لیے جگہ ہوگی اور سبھی کا احترام بھی ہوگا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم نے انتہائی پسماندہ طبقہ کے لیے ایک ’اسپیشل مینی فیسٹو‘ (خصوصی انتخابی منشور) بنایا ہے، جسے ہم نافذ کریں گے۔

دربھنگہ میں مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ نتیش کمار کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ تیجسوی کہتے ہیں کہ ’’بہار میں 20 سالوں سے نتیش جی کی حکومت ہے، اور مرکز میں 11 سالوں سے نریندر مودی ہیں۔ اس کے بعد بھی مدھوبنی اور دربھنگہ میں 3 چینی ملوں کو بند کر دیا گیا۔ مجھے جیسے ہی موقع ملے گا، میں چینی مل شروع کراؤں گا۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’ہم ایسا بہار بنانا چاہتے ہیں، جہاں کسی بہاری بھائی کو پڑھائی، کمائی، دوائی کے لیے باہر نہ جانا پڑے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔