امت شاہ کے بیٹھنے کا انداز کیا ظاہر کرتا ہے!

واجپئی کی آخری رسومات کے دوران وزیر اعظم کے ساتھ پیر پر پیر رکھ کر بیٹھنا ہندوستانی تہذیب کے خلا ف ہے اور اس کو بد اخلاقی میں شمار کیا جاتا ہے۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اب اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کی آخری رسومات دہلی میں جمنا ندی کے کنارے ادا کر دی گئیں۔ سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کی پارٹی بی جے پی ہی نہیں بلکہ تمام پارٹیوں کے رہنما بھی موجود رہے۔ بیرون ملک کے رہنماؤں نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی اور لوگوں کا جم غفیر بھی ان لمحات کا گواہ بنا۔

اس موقع پر کافی لوگ بلخصوص بی جے پی اور آر ایس ایس کے رہنما جذباتی بھی نظر آئے لیکن ایک شخص ایسا بھی تھا جس کے ہر انداز سے ایسا محسوس ہوا جیسے یہ غم کا موقع نیں بلکہ ایک ایونٹ ہے۔کہا جاتا ہے کہ انسان کی باڈی لینگویج اور انداز بیاں کافی حد تک اس کے دل کا حال بیان کر دیتا ہے۔ اور بی جے پی صدر امت شاہ کی باڈی لینگویج جو بتا رہی تھی وہ تو الگ لیکن جس انداز سے وہ وزیر اعظم کے ساتھ بیٹھے تھے اس کو کسی بھی طرح صحیح قرارنہیں دیا جا سکتا۔ وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ ایسے اشخاص ہیں جن کا احترام لازمی ہے اور ہندوستانی تہذیب کے مطابق بیٹھنے کے بھی کچھ آداب ہوتے ہیں۔ امت شاہ کو اس موقع پر جہاں صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کو بیٹھنا ہو وہاں پیر پر پیر رکھ کر نہیں بیٹھنا چاہئے تھا، کیونکہ اس انداز سے بیٹھنے میں تکبر کی جھلک نظر آتی ہے اور ہندوستانی تہذیب کے حساب سے اس کو بداخلاقی میں شمار کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کسی بھی وقت ایسی بد اخلاقی کا مظاہرہ نہیں کیا چاہے وہ پیدل چلنے کی وجہ سے کتنے ہی تھکے ہوئے کیوں نہ ہوں، جبکہ وہ کر سکتے تھے۔ کیوں کہ جب تک صدر جمہوریہ ان کے قریب آکر نہیں بیٹھے تھے اس وقت تک وہ سب سے سینئر تھے اس لئے وہ تھکان کی وجہ سے اس وقت تک ایسے بیٹھ سکتے تھے لیکن وزیر اعظم کی موجودگی میں امت شاہ کو ایسے نہیں بیٹھنا چاہئے تھا۔

دراصل گزشتہ عام انتخابات اور مودی حکومت کے برسراقتدار میں آنے کے بعد سے بی جے پی صدر امت شاہ پارٹی کے اہم پالیسی ساز بنے ہوئے ہیں۔ وہ جہاں بھی جاتے ہیں اپنے ہی پارٹی رہنماؤں کی کلاس لگاتے ہیں، مخالفین کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہیں اور ان کے لہجہ سے غرور ٹپکتا رہتا ہے۔ لیکن جس وقت اٹل بہاری واجپئی کی آخری رسومات ادا ہونے والی ہوں اس وقت وزیر اعظم کے قریب اس انداز میں بیٹھ کر انہوں نے ظاہر کیا ہے کہ کچھ چیزیں ان کی عادت میں شامل ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے وہ بنیادی اخلاقیات کا بھی خیال نہیں رکھتے۔ بنیادی پروٹوکول کے حساب سے وزیر اعظم کے ساتھ جہاں ایک جانب صدر جمہوریہ بیٹھے تھے دوسری جانب امت شاہ کو نہیں بلکہ نائب صدر جمہوریہ کو بیٹھنا چاہئے تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2018, 8:14 PM