یہ کیسی حب الوطنی ہے کہ کسانوں، نوجوانوں اور عورتوں سے آنکھیں موند لی گئیں! پرینکا

کانگریس جنرل سکریٹری و مشروی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اتوار کو امیٹھی میں بی جے پی کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئےکہا کہ حقیقی نیشنلزم لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امیٹھی: کانگریس جنرل سکریٹری و مشروی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اتوار کو امیٹھی میں بی جے پی کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئےکہا کہ حقیقی نیشنلزم لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے۔ پرینکا نے وزیر اعظم کے ذریعہ انتخابی ریلیوں میں اپنی ذات کا تذکر ہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔

ایک عوامی چوپال سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ’’میں نہیں جانتی کہ بی جے پی کی حب الوطنی کیسی ہے جسے کسانوں کی بدحالی، نوجوانوں، خواتین اور دیگر افراد کی کوئی فکر نہیں ہے۔

بہرائچ میں انتخابی ریلی کے دوران پرینکا گاندھی
بہرائچ میں انتخابی ریلی کے دوران پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ کافی مایوس کن ہے کہ جب کسان بغیر جوتے کے آپ کے دروازے پر جاتا ہے تو آپ اس کی بات سننے میں کوئی دلچپسی نہیں لیتے، نوجوانوں کو روزگار دینے کے جھوٹے وعدے کئے گئے، نیشنلزم کا مطلب ملک کے تئیں عوام کا اعتقاد ہے اور ملک کا مطلب عوام ہیں۔ لیکن جب عوام سے دھوکہ دھڑی کی جاتی ہے تو پھر نیشنلزم کا کیا ہوگا۔ پرینکا نے نریندر مودی کے ذریعہ انتخابی ریلی میں اپنی ذات پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان پر حملہ کیا۔

بہرائچ میں انتخابی ریلی کے دوران پرینکا گاندھی
بہرائچ میں انتخابی ریلی کے دوران پرینکا گاندھی

انہوں نے کہا کہ میں مودی کے ذات کے بارے میں نہیں جانتی۔ کانگریس نے الیکشن کے درمیان ذات کا استعمال نہیں کیا اور ہمیشہ انتخابات کے دوران ترقی کو الیکشن کا اہم ایجنڈا بنانے کی کوشش کی۔ ہم ان کے ذات کے بارے میں نہیں جاننا چاہتے اور نہ ہی ہم نے ان پر کوئی ذاتی تبصرہ کیا ہے لیکن کس چیز نے انہیں مجبور کیا کہ وہ اپنی ذات بتاتے پھر رہے ہیں یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔

بہرائچ میں انتخابی ریلی کے دوران پرینکا گاندھی
بہرائچ میں انتخابی ریلی کے دوران پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے دعوی کیا کہ اسمرتی پانچ سالوں میں صرف 16 بار امیٹھی آئیں ہیں اور اب وہ یہاں کے ووٹروں سے ہمدردی کا اظہار کررہی ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ ہر بار جھوٹی پبلیسٹی کے لئے چار سے پانچ گھنٹے کے لئے آئی اور میڈیا میں سرخیاں بٹورنے کے لئے جوتے، ساڑیاں تقسیم کرتی ہیں۔ لیکن میں اس بات سے اچھی طرح سے واقف ہوں کہ امیٹھی کے عوام کافی خودار ہیں اور کبھی بھی ایسے لیڈر کو قبول نہیں کریں گے جو ان کو فقیر سمجھتا ہو۔


واڈرا نے کہا کہ وہ امیٹھی یہاں کے عوام کے مسائل کو جاننے کے لئے آئی ہیں اور اسے بعد میں حل کرنے کی کوشش کریں گی۔ہم نے ہمیشہ ہی امیٹھی کو اپنے گھر کی طرح جانا ہے اور یہاں کے لوگ ہمارے خاندانی اراکین کی طرح ہیں۔ پرینکا رائے بریلی اور امیٹھی میں روزانہ صبح انتخابی مہم چلاتی ہیں اور پھر اس کے بعد اپنے متعینہ پروگرام کے تحت ریاست کے دوسرے حصوں میں انتخابی تشہیر کے لئے روانہ ہوجاتی ہیں۔امیٹھی اور رائے بریلی میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔