بغیر نوکری والوں کے لیے بجٹ میں کیا ہے؟ بے روزگاری اور مہنگائی پر وزیر مالیات کی خاموشی پر تھرور نے سوال اُٹھائے
کانگریس رہنما ششی تھرور نے بی جے پی پر آئندہ انتخابات کو دیکھتے ہوئے بجٹ تیار کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کے ذریعہ انتخاب میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے ذریعہ ہفتہ کو پیش کیے گئے مرکزی بجٹ 26-2025 پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کے رد عمل کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی اپنی بات کہی ہے۔ انہوں نے اس بجٹ میں 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کو ایک اچھا فیصلہ بتایا ہے لیکن ساتھ ہی یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ جن لوگوں کے پاس نوکری نہیں ان کے لیے بجٹ میں کیا ہے؟
ششی تھرور نے کہا کہ متوسط طبقہ کے لیے جو ٹیکس کٹ ہوا ہے، وہ اچھی بات ہو سکتی ہے، اگر آپ کے پاس نوکری ہے۔ تنخواہ آتی ہے تو آپ اب سے کم ٹیکس کی ادائیگی کرو گے لیکن اہم سوال یہ ہے کہ اگر آپ کے پاس نوکری نہیں ہے، تنخواہ نہیں ہے، تب کیا؟
انہوں نے آگے کہا "میں مانتا ہوں کہ اگر آپ کے پاس نوکری ہے اور آپ کی تنخواہ 12 لاکھ تک ہے تو آپ کا خوش ہونا تو بنتا ہے لیکن بے روزگاروں کے لیے بجٹ میں کیا تھا؟ ہم نے وزیر مالیات کے منھ سے ایک بار بھی بے روزگاری اور مہنگائی شرح جیسے لفظ نہیں سنے۔"
تھرور نے بی جے پی پر آئندہ انتخابات کو دیکھتے ہوئے بجٹ تیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آپ بہار میں رہ رہے ہو اور آپ ایک معاون پارٹی سے ہو تو یقینی طور پر اس سے آپ کو ایسی سہولت ملے گی جس سے انتخاب میں فائدہ پہنچے۔
واضح ہو کہ وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو پیش کیے گئے یونین بجٹ 26-2025 میں متوسط طبقہ کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے اور 12 لاکھ تک کی سالانہ آمدنی کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا ہے۔ نوکری پیشہ لوگوں کے لیے یہ حد 12.75 لاکھ ہے۔ یہاں 75 ہزار کا اسٹینڈرڈ ڈِڈکشن ہے۔ نیو ٹیکس رجیم کے تحت یہ راحت دی گئی ہے۔ پرانے ٹیکس رجیم چننے والوں کے لیے کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ نئے ٹیکس رجیم کے تحت بھی اگر آپ کی سالانہ آمدنی 12.80 لاکھ سے ایک روپے بھی بڑھتی ہے تو آپ کو سلیب کے مطابق ٹیکس ادا کرنی ہوگی۔ یعنی 4 سے 8 لاکھ کے درمیان 5 فیصد، 8 سے 12 لاکھ کے درمیان 10 فیصد ٹیکس آپ کو ادا کرنی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔