جب صدر جمہوریۂ ہند کے گاؤں کا یہ حال ہے تو پھر باقی کا کیا کہنا!

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے گاؤں پرونکھ کی حالت بہت خراب ہے اور وہاں کی سڑکوں کی حالت اتنی خراب ہے کہ زیادہ تر راستے ٹوٹے اور کچے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یہ امید کی جاتی ہے کہ کم از کم صدر جمہوریہ ، وزیر اعظم ، سینئر وزراء اور وزراء اعلی کے گاؤں تو مثالی ہوں گے لیکن جب ایک ویبسائٹ پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے گاؤں کے تعلق سے ایک ویڈیو پر نظر پڑی تو اندازہ ہوا کہ اس گاؤں کے مثالی ہونے کی بات تو بہت دور بلکہ وہاں تو بنیادی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔

اتر پردیش کے کانپور دیہات کا گاؤں پرونکھ وہ گاؤں ہے جہاں صدر جمہوریہ نے اپنی زندگی کی پہلی سانس لی یعنی ان کی جائے پیدائش۔ رام ناتھ کووند ملک کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہیں لیکن ان کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہونے کا ان کے گاؤں والوں کو کوئی فائدہ نظر نہیں آتا ۔


پرونکھ گاؤں کے لوگ وہاں کے ترقیاتی کاموں سے خوش نہیں ہیں کیونکہ گاؤں کی سڑکیں آج بھی کچی اور ٹوٹی ہوئی ہیں ۔ ویبسائٹ کی خبر کے مطابق گاؤں کے زیادہ تر راستے ٹوٹے ہوئے ہیں اور یہ راستے کچے بھی ہیں جبکہ کچھ راستے پہلے سے بہتر بھی ہوئے ہیں ۔ صدر جمہوریہ کا آبائی گھر کی تجدید نو کا کام جاری ہے اور ان کی اس رہائش کو اب ’ملن کیندر‘ بنا دیا گیا ہے جہاں پر گاؤں کی بیٹیوں کی شادی ہوتی ہیں۔

اس ملن کیندر کے برابر میں ایک ہینڈ پمپ لگا ہوا ہے اور گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اس ہینڈ پمپ سے کچھ دیر تو پانی صحیح آتا ہے اس کے بعد گندا پانی آنے لگتا ہے ۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہرام ناتھ کووند کے صدر بننے کے بعد انہیں جس طرح کے ترقیاتی کاموں کی امید تھی ویسا کام نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ گاؤں میں بجلی کی حالت پہلے سے بہتر ہے لیکن وہ صرف اس گاؤں کی بات نہیں ہے بلکہ اتر پردیش میں بجلی کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہو گئی ہے۔


صدر جمہوریہ کے گاؤں میں جو سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ وہاں پر طبی خدمات کی عدم موجودگی ہے ۔ یہاں پر واحد اے این ایم سینٹر بنا ہوا ہے لیکن وہاں ہمیشہ تالا لگا رہتا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے پاس ترقیاتی کاموں کے نہ ہونے کا کوئی معقول جواب نہیں ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jul 2019, 5:10 PM