چراغ پاسوان نے بہار میں صدر راج کے نفاذ کا کیا مطالبہ

رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے دارالحکومت پٹنہ میں ہوئی لوٹ پاٹ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کے سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی بات کریں گے۔

چراغ پاسوان، تصویر یو این آئی
چراغ پاسوان، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر اور بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے ریاست میں مسلسل خراب ہوتے نظم ونسق کو دیکھتے ہوئے صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔ چراغ پاسوان نے گزشتہ روز یہاں کے باقر گنج میں دو دن قبل دن دہاڑے ایک سونے کے زیورات کی دکان سے قریب 14 کروڑ روپے کی ہوئی لوٹ کے سلسلے میں متاثرہ تاجر کے ساتھ ہی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

تاجر سے ملنے کے بعد انہوں نے کہا کہ بہار میں ہر حال میں صدر راج نافذ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے گھر میں لوٹ پاٹ ہوئی ہے، وہ ریاست کے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں سے ایک ہیں۔ ایسے میں اگر یہی لوگ غیر محفوظ ہیں تو پھر ریاست میں کاروبار کا ماحول خراب ہوگا۔


رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے دارالحکومت پٹنہ میں ہوئی لوٹ پاٹ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کے سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی بات کریں گے۔ وہیں، انہوں نے بہار میں زہریلی شراب سے ہو رہی اموات کے سلسلے میں بھی نتیش حکومت پر جم کر نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ ”اتنا بڑا معاملہ ہوجانے کے بعد بھی ہمارے وزیراعلیٰ متاثرہ کنبہ کے پاس نہیں جاتے ہیں۔ وہ ہمارے بھی وزیراعلیٰ ہیں، جنہوں نے ووٹ نہیں دیا ہے، ان کے بھی وزیراعلیٰ ہیں، انہیں کم سے کم متاثرہ کنبہ کے گھر تو جانا چاہئے، اس سے لوگوں میں ایک بہتر پیغام جائے گا“۔

چراغ پاسوان نے وزیراعلیٰ نتیش کمار پر طنز کستے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جنگل راج نہیں بلکہ مہا جنگل راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 سال قبل کیا تھا آج کے نوجوان نہیں جانتے لیکن 16 سال سے آپ (نتیش کمار) کے ہاتھوں میں ریاست کو نوجوانوں اور لوگوں نے دیا تو آپ نے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سونا تاجر لوٹ پاٹ معاملے کے سلسلے میں وہ پٹنہ کے سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو کئی مرتبہ فون لگا چکے ہیں، لیکن سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ نے فون نہیں اٹھایا۔ ان کے لینڈ لائن پر بھی فون کیا لیکن کسی نے فون کا جواب نہیں دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔