جنتا دل یو میں گھمسان عروج پر، پرشانت کشور نے نتیش کمار کو بتایا ’جھوٹا‘

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ یہ کہے جانے پر کہ امت شاہ کے کہنے پر پرشانت کشور کو جنتا دل یو میں شامل کیا گیا، پرشانت کشور نے انھیں جھوٹا قرار دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایک طرف شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف پورا ملک سڑکوں پر نظر آ رہا ہے، اور دوسری طرف اس ایشو نے جنتا دل یو میں زبردست بھونچال پیدا کر رکھا ہے۔ اس پارٹی کے دو سرکردہ لیڈران یعنی صدر نتیش کمار اور نائب صدر پرشانت کشور بالکل آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ منگل کے روز نتیش کمار نے پرشانت کشو رکو ان کے بیانات کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کا جواب پرشانت کشور عرف پی کے نے منگل کی شب اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر دیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آپ (نتیش کمار) مجھے جے ڈی یو میں کیوں اور کیسے لے کر آئے، اس بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں۔ یہ آپ کے ذریعہ مجھے اپنے ہی رنگ میں رنگنے کی بے حد خراب کوشش ہے۔ لیکن اگر آپ سچ بول رہے ہیں تو کون یہ بھروسہ کرے گا کہ اب بھی آپ میں اتنی ہمت ہے کہ امت شاہ کے ذریعہ بھیجے گئے آدمی کی بات نہ سنیں؟‘‘


دراصل نتیش کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منگل کے روز کہا تھا کہ بی جے پی لیڈر امت شاہ کے کہنے پر پرشانت کشور کو جنتا دل یو میں شامل کیا گیا تھا اور اب جسے جہاں جانا ہے، جا سکتا ہے۔ میڈیا کے ذریعہ پوچھے گئے پارٹی جنرل سکریٹری پون ورما اور پرشانت کشور سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ’’ہمارے یہاں ٹوئٹ کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ جسے ٹوئٹ کرنا ہے کرے۔ ہماری پارٹی میں بڑے اور دانشور لوگوں کی جگہ نہیں ہے۔ سب عام اور زمینی لوگ ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پون ورما اور پرشانت کشور لگاتار سی اے اے اور این آر سی کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔