دہلی کے موسم پر ویسٹرن ڈسٹربینس کا پڑنے والا ہے اثر، کئی مقامات پر بارش کے آثار

اگلے دو دنوں میں ویسٹرن ڈسٹربینس کے اثر سے درجہ حرارت میں گراوٹ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں دہلی کے دو علاقوں کا اے کیو آئی ہفتہ کو ایک بار پھر سنگین زمرے میں پہنچ گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی دہلی کے موسم پر اگلے دو دنوں میں ویسٹرن ڈسٹربینس کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے پیر کو الگ الگ مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں گراوٹ کا امکان ہے۔ دہلی کے اسٹینڈرڈ آبزرویٹری صفدر جنگ میں ہفتہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3.9 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

محکہ موسمیات کے اندازہ کے مطابق اتوار کی صبح بھی ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ دن میں ہوا کی رفتار 4 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رہے گی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سیلسیس تک اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سیلسیس کے بیچ رہنے کا امکان ہے۔

ویسے دہلی کے زیادہ تر علاقوں میں ہفتہ کی صبح گھنا کہرا دیکھنے کو ملا۔ صبح کے وقت گھنے کہرے کی وجہ سے صفدر جنگ اور پالم موسمیات مراکز میں حد نگاہ کی سطح صفر سے 50 میٹر تک گر گئی۔ اس دوران ہوا کی رفتار رک جانے سے کہرا زیادہ دیر تک قائم رہا۔ صبح 10 بجے کے بعد کہرا کم ہونے لگا اور دھوپ نکل آئی۔ حالانکہ دن بھر ہلکی دھند چھائی رہی۔

دہلی کے صفدر جنگ موسمیات مرکز میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.2 ڈگری سیلسیس تک درج کیا گیا جو معمول سے 3.9 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 10.2 ڈگری سیلسیس رہا، یہ معمول سے 1.8 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ نمی کی سطح 100 سے 51 فیصد تک رہی۔


وہیں راجدھانی کے لوگوں کو ابھی آلودہ ہوا سے راحت ملتی ہوئی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ دہلی کے دو علاقوں کا اے کیو آئی ہفتہ کو 400 کے پار یعنی سنگین زمرے میں پہنچ گیا۔ اگلے دو دن کے درمیان بھی ہوا کا معیار اسی سطح کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ موسم کی الگ الگ وجوہات سے دہلی کے لوگوں کو مسلسل آلودہ ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔