مغربی بنگال: پی ایم مودی نے ’چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ‘ کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا

چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کا نیا کیمپس 530 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، جس میں سے تقریباً 400 کروڑ مرکز نے اور باقی مغربی بنگال حکومت نے دیا ہے۔

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: وزیر اعظم نریندر مودی نےآج کولکاتا میں ’چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ‘ کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچوئل شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے بھی تقریب میں ورچوئل شرکت کی، جب کہ بنگال کے چار مرکزی وزرا ڈاکٹر سبھاش سرکار، شانتنو ٹھاکر، نشیت پرمانک اور جان بارلا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے نئے کیمپس کے افتتاح کے لیے مدعو کرنے کے لیے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسپتال میرے دل کے بہت ہی قریب ہے کیونکہ اپنے کالج کے دنوں میں (جوگما دیوی کالج میں پڑھتے ہوئے) اس کالج کے آس پاس ہی رہتی تھیں۔ ممتا نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت نے اسپتال کے نئے کیمپس کی تعمیر کے لیے 25 فیصد رقم بھی ادا کی ہے۔


دراصل انسٹی ٹیوٹ کا نیا کیمپس 530 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ جس میں سے تقریباً 400 کروڑ مرکز نے اور باقی مغربی بنگال حکومت نے دیا ہے۔ مرکز-ریاست نے اس کیمپس کی تعمیر کے لیے 75:25 کے تناسب سے ادائیگی کی ہے۔ نئے کیمپس میں کینسرکے علاج کے لیے 400 بستر ہیں۔ نئے کیمپس میں نیوکلیئر میڈیسن (پی ای ٹی)، 3.0 ٹیسلا ایم آر آئی، اینڈوسکوپی سویٹ اور ریڈیونیوکلائیڈ تھراپی یونٹ جیسی جدید ترین سہولیات بھی ہیں۔ کیمپس میں 10 آپریٹنگ تھیٹر بھی ہیں۔ اسپتال کے اس نئے کیمپس سے مشرقی ہندوستان کے کینسر کے مریضوں کو اب علاج کے لیے ممبئی نہیں جانا پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔