مغربی بنگال: گورنر نے ترنمول لیڈران فرہاد، سبرت، مدن مترا اور شوبھن کے خلاف سی بی آئی کیس چلانے کی دی اجازت

10 مئی کو مغربی بنگال میں کل 43 وزراء عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے۔ ان میں 24 کابینہ وزیر، 10 آزادانہ چارج (ریاستی وزیر) اور 9 ریاستی وزیر ہوں گے۔

جگدیپ دھنکھر، تصویر آئی اے این ایس
جگدیپ دھنکھر، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی حکومت بنتے ہی وزیر اعلیٰ اور گورنر کےد رمیان رسہ کشی تیز ہو گئی ہے۔ گورنر جگدیپ دھنکھر نے ترنمول کانگریس کے چار لیڈروں کے خلاف سی بی آئی کیس چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ چاروں لیڈرا پیر کے روز یعنی 10 مئی کو وزارتی عہدہ کا حلف لینے والے ہیں۔ جن چار لیڈروں کے خلاف گورنر نے سی بی آئی کیس چلانے کی اجازت دی ہے ان میں فرہاد حکیم، سبرت مکھرجی، مدن مترا اور شوبھن چٹرجی کے نام شامل ہیں۔

دراصل مغربی بنگال میں گزشتہ کچھ سالوں میں شاردا گھوٹالہ اور ناردا گھوٹالہ معاملہ سرخیوں میں ہے۔ ان معاملوں کی سی بی آئی جانچ جاری ہے۔ الگ الگ لیڈروں کے نام ان معاملوں میں سامنے آئے ہیں۔ مذکورہ چاروں ترنمول لیڈران کا نام بھی ان معاملوں میں سامنے آیا ہے اور ان لیڈروں کے خلاف جانچ کو آگے بڑھایا جائے اس کو لے کر گورنر سے اب اجازت مل گئی ہے۔


واضح رہے کہ 10 مئی کو مغربی بنگال میں کل 43 وزراء عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے۔ ان میں 24 کابینہ وزیر، 10 آزادانہ چارج (ریاستی وزیر) اور 9 ریاستی وزیر ہوں گے۔ اس فہرست میں سابق آئی پی ایس ہمایوں کبیر اور سابق کرکٹر منوج تیواری کا نام بھی شامل ہے۔ ترنمول لیڈر امت مترا، پارتھ چٹرجی، سبرت مکھرجی، سادھن پانڈے، جیوتی پریہ ملک، براتیہ بسو، بنکم چندر ہاجرا، اروپ وشواس، ملے گھٹک، ڈاکٹر مانس بھوئیاں، سومین مہاپاتر، اجول وشواس، اروپ رائے، فرہاد حکیم، رتھین گھوش، ڈاکٹر ششی پانجا، چندرناتھ سنگھ، شوبھن دیو چٹوپادھیائے، پلک رائے، غلام ربانی، وپلو متر، جاوید خان، سپن دیب ناتھ اور صدیق اللہ چودھری کابینہ وزیر بنیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔