مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پہلوانوں کی حمایت میں نکالا مارچ، راج ٹھاکرے نے پی ایم مودی کو لکھی چٹھی

ممتا بنرجی ہاتھوں میں ’وی وانٹ جسٹس‘ کا پوسٹر لیے ہندوستان کے پہلوانوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتی ہوئی دکھائی دیں، انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں اپنے پہلوانوں پر فخر ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ایک طرف پہلوانوں کا بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے خلاف مظاہرہ جاری ہے، اور دوسری طرف کئی سرکردہ سیاسی لیڈران کی حمایت انھیں حاصل ہو رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ایک طرف تو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پہلوانوں کی حمایت میں مارچ نکالا ہے، اور دوسری طرف مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے پی ایم مودی کو چٹھی لکھ کر ان کے مطالبات پر توجہ دینے کی گزارش کی ہے۔

مغربی بنگال سے موصولہ خبروں کے مطابق پہلوانوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سڑکوں پر اتر چکی ہیں۔ بدھ کے روز کولکاتا میں ترنمول کانگریس کی طرف سے پہلوانوں کی حمایت میں کی جا رہی ایک ریلی میں شامل ہوئیں۔ ہاتھوں میں ’وی وانٹ جسٹس‘ کا پوسٹر لیے ہندوستان کے پہلوانوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں اپنے پہلوانوں پر فخر ہے۔‘‘


دوسری طرف ایم این ایس چیف راج ٹھاکرے نے پی ایم مودی کو خط لکھ کر گزارش کی ہے کہ پہلوانوں کے مطالبات پر غور کیا جائے۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ملک کی بیٹیاں جن کی محنت سے ملک کے کئی میڈل جیتے، وہ انصاف کی اپیل کر رہی ہیں۔ ان کے ساتھ 28 مئی کو جو ہوا ویسا سلوک نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘‘ چٹھی میں راج ٹھاکرے نے لکھا ہے کہ ’’خاتون پہلوان، جنھیں ہم فخر سے ہمارے ملک کی بیٹیاں کہتے ہیں اور جن کی سخت محنت کے زور پر ملک کو کئی میڈل دیکھنے کا موقع ملا، وہ کئی دنوں میں دہلی میں انصاف کی اپیل کر رہی ہیں۔‘‘

اس خط میں راج ٹھاکرے نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی کشتی فیڈریشن کے چیف پر جنسی استحصال کا الزام لگا ہے۔ وہ حکومت سے اس بات کی یقین دہانی چاہتے ہیں کہ انھیں (پہلوانوں کو) انصاف ملے گا اور اپنی لڑائی میں کسی ’باہوبلی‘ سے دباؤ اور رخنہ محسوس نہیں کریں گے۔ پہلے جب آپ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تو آپ اتراکھنڈ میں ہوئے حادثے یا ممبئی میں 11/26 کے دہشت گردانہ حملے کے بعد مدد کے لیے پہنچے تھے۔ یہ آپ کی ہمدردی تھی اور خاتون پہلوان پی ایم او سے یا آپ کے پی ایم او رہائش سے بس ایک چھوٹی سی ڈرائیو کی دوری پر ہیں، اپنے لیے آپ سے وہی رحم مانگتی ہیں، جسے لے کر مہاراشٹر نونرمان سینا کی پوری ہمدردی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔