مغربی بنگال ضمنی انتخاب: ریجی نگر سے آزاد امیدوار سیف الاسلام گرفتار، 5 سال پرانا ہے معاملہ
آزاد امیدوار سیف الاسلام کو 2021 کے اسمبلی انتخابات کے دوران 2 گروپوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے 5 سال پرانے معاملے میں ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا۔

مغربی بنگال میں ضمنی انتخابات سے قبل جاری سیاسی سرگرمیوں میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ نندی گرام کے بعد اب پولیس نے ریجی نگر کے آزاد امیدوار کو گرفتار کر لیا ہے۔ آزاد امیدوار سیف الاسلام کو 2021 کے اسمبلی انتخابات کے دوران 2 گروپوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے 5 سال پرانے معاملے میں ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا۔ ’پی ٹی آئی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہمایوں کبیر کی قیادت والی عام جنتا اَنّین پارٹی (اے جے یو پی) سے وابستہ سیف الاسلام کی گرفتاری کا واقعہ پولیس کی جانب سے کانگریس کے نندی گرام اسمبلی ضمنی انتخاب کے امیدوار ملن پردھان کو گرفتار کیے جانے کے ایک دن بعد پیش آیا۔ ملن پردھان کو زمین کے حصول کے خلاف ہوئے احتجاج کے دوران درج تقریباً دو دہائی پرانے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ہمایوں کبیر کے نوادہ سیٹ کو اپنے پاس رکھنے اور ریجی نگر سیٹ سے استعفیٰ دینے کے فیصلے کی وجہ سے یہ ضمنی انتخاب ضروری ہو گیا تھا۔ اے جے یو پی نے اس ضمنی انتخاب کے لیے کبیر کے بیٹے غلام نبی آزاد کو میدان میں اتارا ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے کہا کہ برہمپور تھانے کے افسران نے سیف الاسلام کو گزشتہ اسمبلی انتخابات سے متعلق ایک معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ اس وقت دو گروپوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں اسلام کا نام درج تھا۔
دریں اثنا برہمپور پولیس نے ہفتے کے روز اے جے یو پی کے سربراہ (ہمایوں کبیر) کو بھی ایک معاملے میں تفتیشی افسران کے سامنے پیر کے روز پیش ہونے کا نوٹس بھیجا ہے۔ یہ معاملہ مبینہ طور پر دو برادریوں کے درمیان کشیدگی بھڑکانے کی سازش سے متعلق ہے۔ اس سلسلے میں ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ معاملہ 14 ستمبر کو درج کیا گیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
