مغربی بنگال ضمنی انتخاب: نندی گرام کے بعد ریجی نگر سے ممتا بنرجی کے امیدوار ربیع العالم چودھری نے بھی نام واپس لیا
نامزدگی فارم داخل کرنے کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی نندی گرام اور ریجی نگر سے ٹی ایم سی (ممتا گروپ) کا انتخابی مقابلہ ختم ہو گیا ہے۔ ان 2 سیٹوں پر ضمنی انتخابات 6 اکتوبر کو ہونے ہیں۔

ہفتہ (19 ستمبر) کو ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کے ریجی نگر اسمبلی حلقہ سے امیدوار ربیع العالم چودھری نے اپنا نامزدگی فارم واپس لے لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس ضمنی انتخاب سے باہر ہو گئی ہے۔ دراصل مغربی بنگال کی نندی گرام اور ریجی نگر اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے نامزدگی فارم واپس لینے کی آخری تاریخ 19 ستمبر مقرر کی تھی۔ اس سے قبل نندی گرام سے سنچیتا پردھان نے اپنا نامزدگی فارم واپس لے کر ممتا بنرجی کو جھٹکا دیا تھا۔
واضح رہے کہ نامزدگی فارم داخل کرنے کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی نندی گرام اور ریجی نگر سے ٹی ایم سی (ممتا گروپ) کا انتخابی مقابلہ ختم ہو گیا ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی کی ان 2 سیٹوں پر ضمنی انتخابات 6 اکتوبر کو ہونے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے محمد عبداللہیل کافی ریجی نگر اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑیں گے، جبکہ ملن پردھان کو نندی گرام سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ سی پی ایم نے ریجی نگر سے ایڈووکیٹ سعید اسد علی کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ سی پی آئی نے نندی گرام سے شانتی گوپال گری کو امیدوار بنایا ہے۔ ممتا بنرجی نے نندی گرام میں کانگریس کے امیدوار ملن پردھان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ جمعہ کو ایک پرانے معاملے میں ملن پردھان کو گرفتار کر لیا گیا۔
بی جے پی نے نندی گرام سے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کے سابق پی اے چندر ناتھ رتھ کی والدہ ہاسی رانی رتھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد چندر ناتھ رتھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ ریجی نگر سے بی جے پی نے شنکھارو سرکار کو ٹکٹ دیا ہے۔ نندی گرام میں ضمنی انتخاب کی ضرورت اس وقت پیش آئی جب وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے یہ سیٹ چھوڑ دی اور بھوانی پور سیٹ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا، جہاں انہوں نے رواں سال کے آغاز میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کو شکست دی تھی۔ ریجی نگر سیٹ عام جنتا انّین پارٹی (اے جے یو پی) کے بانی ہمایوں کبیر کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے ناؤدا اسمبلی سیٹ سے بھی کامیابی حاصل کی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
