مغربی بنگال کے مرشد آباد میں بم دھماکہ، 3 لوگوں کی موت، عمارت زمیں دوز

دھماکے میں مکان مالک اور دو نوجوانوں کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ غیر قانونی بم بنانے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس ٹیم تحقیقات میں مصروف ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کے مرشد آباد میں بم دھماکہ ہوا ہے جس میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دھماکہ غیر قانونی بم بنانے کے دوران ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ایک عمارت بُری طرح سے منہدم ہو گئی۔ دھماکہ کچا بم باندھنے کے دوران ہوا جس کی زد میں آنے سے 3 لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ اس دھماکہ میں منہدم عمارت اور اس کے ملبے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

'ہندوستان' کی خبر کے مطابق دھماکہ میں مکان مالک کی موت ہو گئی جبکہ دیگر دو نوجوان کی جانیں بھی چلی گئی ہیں۔ گھر کے ساتھ رہ رہے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے دھماکہ کی تیز آواز سنی لیکن انہیں پتہ نہیں چل سکا کہ آخر کیا ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اتوار کی دیر رات کا ہے۔ حادثے کی جانکاری ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی جہاں 3 لوگوں کو مردہ پایا گیا۔ دھماکہ کے بعد آس پاس کے لوگ خوف و دہشت میں آ گئے۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس دستہ تعینات کیا گیا تاکہ کسی بھی طرح کے حالات سے نپٹا جا سکے۔

پولیس نے بتایا کہ ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ ایسے میں خدشہ ہے کہ کچھ اور لوگوں کی لاش بھی برآمد ہو سکتی ہے۔ فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ جانچ میں یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر کار گھر میں دھماکہ خیز اشیا کس لیے رکھا گیا تھا۔ پولیس جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کر رہی ہے۔ حالانکہ ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اہم ثبوت نہیں ملے ہیں۔ پولیس نے بھی ابھی تک کوئی جانکاری ساجھا نہیں کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس افسر اس معاملے میں پریس کانفرنس کرکے لوگوں کو اصل جانکاری سے واقف کرائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔