ٹالی ووڈ نے بھی شہریت قانون کے خلاف کھولا محاذ،’کاغذ نہیں دکھائیں گے‘ کا نعرہ بلند

مغربی بنگال کی فلم انڈسٹری ’ٹالی ووڈ‘ سے جڑے کئی اداکاروں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ایک ویڈیو بنایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کاغذ بھی نہیں دکھائیں گے۔‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ سے منسلک کئی مشہور و معروف ہستیوں نے مودی حکومت کے ذریعہ نافذ کردہ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف آواز بلند کی ہے اور پورے ملک میں سڑکوں پر عوام کا احتجاجی مظاہرہ بھی لگاتار جاری ہے، اس درمیان مغربی بنگال فلم انڈسٹری سے منسلک معروف ہستیوں نے بھی شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ ٹالی ووڈ کے نام سے مشہور مغربی بنگال فلم انڈسٹری سے جڑے کئی لوگوں نے 81 سیکنڈ پر مبنی ایک ویڈیو تیار کیا ہے جس میں ’کاغذ نہیں دکھائیں گے‘ کا نعرہ بلند کیا گیا ہے۔


سوشل میڈیا پر وائرل ٹالی ووڈ ہستیوں کے اس ویڈیو میں فیض احمد فیض اور کچھ دیگر مصنّفین و شاعروں کی تخلیقات کا سہارا لیتے ہوئے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کی گئی ہے۔ اس قانون کے خلاف ناراضگی ظاہر کرنے والوں میں مغربی بنگال کے معروف اداکار سبیاساچی چکرورتی، کونکنا سین شرما، سواستیکا مکھرجی، روپم اسلام جیسی ہستیاں شامل ہیں۔ ویڈیو کا آغاز سبیاساچی چکرورتی کے بیان سے ہوتا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’ایک راجہ آئے گا اور چلا جائے گا، لیکن ہم لوگ کوئی کاغذ نہیں دکھائیں گے، تمہارا ظلم جاری رہ سکتا ہے، تم آؤ گے اور چلے جاؤ گے، لیکن ہم لوگ کوئی کاغذ نہیں دکھائیں گے۔‘‘

بالی ووڈ میں کئی فلمیں کر چکیں اور ٹالی ووڈ میں اپنا ایک خاص مقام بنا چکی اداکارہ کونکنا سین شرما نے اس ویڈیو میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مذہب کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کر کے آپ نہیں بچیں گے۔ آپ کو کاغذ نہیں دکھایا جائے گا۔‘‘ اداکارہ سواستیکا مکھرجی نے بھی کچھ اسی انداز میں بیان دیا ہے اور کہا ہے کہ ’’ہمارے دل میں محبت کے ساتھ ساتھ انقلاب بھی ہے، ہم لوگ نہ ہی پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی کاغذ دکھائیں گے۔‘‘


نندنا سین نے اس ویڈیو میں پی ایم نریندر مودی کے مشہور پروگرام ’من کی بات‘ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آپ من کی بات کے ذریعہ ملک کے لوگوں کو ذات کی بنیاد پر تقسیم کرتے ہیں۔‘‘ ویڈیو میں روپم اسلام نے بی جے پی پر کافی سخت حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’قومی ترانہ جن گن من ہمارے گلے میں بستا ہے اور دل میں ہندوستانی آئین ہے، جدوجہد کرنے کے لیے ہم لوگ سڑکوں پر ہیں، یہ جدوجہد نہیں رکے گا اور ہم لوگ کاغذ نہیں دکھائیں گے۔‘‘

ویڈیو میں سمن مکھوپادھیاین اور دھرتیمان نے بھی شہریت قانون و این آر سی کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 150 کروڑ لوگ پیٹ بھرنے کے مسئلہ کا نمٹارا چاہتے ہیں، ہمیں نہ تو مندر چاہیے اور نہ ہی مسجد۔ ہم ملک بھر میں آزادی چاہتے ہیں، ہم لوگ آزادی کا نعرہ لگائیں گے اور کاغذ نہیں دکھائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔