مغربی بنگال: جلپائی گوڑی-بیکانیر ایکسپریس حادثے میں اب تک 9 افراد ہلاک، 45 زخمی

بنگال کے جلپائی گوڑی میں بیکانیر-گوہاٹی ایکسپریس کے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور ان میں سے کئی ڈبے الٹ گئے، اس حادثے میں اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں

ریل حادثہ / آئی اے این ایس
ریل حادثہ / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جلپائی گوڑی: بنگال کے جلپائی گوڑی میں جمعرات کے روز بیکانیر-گوہاٹی ایکسپریس کے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور ان میں سے کئی ڈبے الٹ گئے۔ اس حادثے میں اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 45 افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں کو دو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

شمال مشرقی سرحدی ریلوے کے ایک ترجمان کے مطابق حادثہ علی پور دوار ڈویژن میں شام 5 بجے پیش آیا۔ جلپائی گوڑی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مومیتا گودارا باسو نے کہا کہ اس حادثے میں اب تک 9 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جن میں سے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ جبکہ 2 افراد کی اسپتال میں دوران علاج موت واقع ہوئی۔


انہوں نے کہا کہ 45 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ ایسے میں جان گنوانے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا میناگوڑی اور جلپائی گوڑی کے اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ ریلوے نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ریلوے کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

حادثے کے وقت ٹرین پر 1053 مسافر سوار تھے۔ اسپیشل ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر جی پی سنگھ نے کہا کہ پھنسے ہوئے مسافروں کو دوسری ٹرین سے گوہاٹی لایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب آسام پولیس بھی موقع پر پہنچے، تاکہ آسام کے زخمیوں کی مدد کی جا سکے۔ ادھر، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس حادثے کی اطلاع دی۔


اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ انہوں نے ریلوے کے وزیر اشونی وشنو سے بات کی اور حادثے کے بارے میں دریافت کیا۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے میری تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ دوسری جانب ریلوے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے اور کم زخمی ہونے والے مسافروں کو 25 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔