پنچایت الیکشن مکمل ہوتے ہی یوگی حکومت کی کھلی نیند، یو پی میں کل سے 4 دن کا مکمل لاک ڈاؤن

اتر پردیش حکومت نے ویکینڈ لاک ڈاؤن مزید ایک دن بڑھا دیا ہے۔ اب ریاست میں جمعہ شام 8 بجے سے منگل کی صبح 7 بجے تک لاک ڈاؤن رہے گا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں کورونا سے بے قابو ہوتے حالات کے درمیان پنچایت الیکشن کرایا گیا۔ آج آخری مرحلہ کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ الیکشن کی وجہ سے ریاست میں کورونا کی حالت مزید خراب ہوئی ہے۔ جب حالات بے قابو ہونے لگے ہیں تو پنچایت الیکشن مکمل ہوتے ہی یوگی حکومت کی آنکھ کھلی ہے۔ دراصل ریاستی حکومت نے ویکینڈ لاک ڈاؤن ایک دن اور بڑھا دیا ہے۔ اب ریاست میں جمعہ کی شام 8 بجے سے منگل کی صبح سات بجے تک بندی رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ پہلے جاری کیے گئے حکم کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دراصل گزشتہ منگل کو الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست میں کورونا کی حالت پر سماعت کرتے ہوئے دو دنوں کے لاک ڈاؤن کو ناکافی بتاتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے اپنی دانش کے مطابق انفیکشن کے چین توڑنے کے لیے دو دن کا لاک ڈاؤن لگایا ہے، ساتھ ہی دیگر پابندیاں بھی نافذ کی ہیں، لیکن انفیکشن کے نئے معاملوں کو دیکھتے ہوئے یہ بے مطلب ہی لگ رہا ہے۔ یہ ترکیب ناکافی معلوم ہوتی ہے۔ لاک ڈاؤن کو منگل کی صبح تک بڑھانے کے پیچھے ہائی کورٹ کے اس تبصرہ کو بھی ایک وجہ مانا جا رہا ہے۔


ہائی کورٹ نے سماعت میں حکومت سے سخت لفظوں میں کہا تھا کہ ’جو لوگ اقتدار میں ہیں وہ میرا قاعدہ مانو، ورنہ کوئی قاعدہ نہیں‘ جیسا رویہ چھوڑ دے۔ معاملے میں ہائی کورٹ نے حکومت سے تین مئی کو ہونے والی سماعت میں انفیکشن روکنے کے لیے 12 نکات میں طریقہ کار پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */