بارش کے لئے مینڈک-مینڈکی کی شادی! سیلاب کا خطرہ منڈلایا تو طلاق!

بھوپال میں پہلے بارش کے لئے مینڈک اور مینڈکی کی شادی کروائی گئی لیکن جب سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا تو ان دونوں کی طلاق کروا دی گئی!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اپنا ملک بھی غضب کا ہے، مدھیہ پردیش سے ایک عجیب و غریب لیکن دلچسپ خبر سامنے آئی ہے۔ خبر یہ ہے کہ بھاری بارش سے پریشان بھوپال کے لوگوں نے مینڈک اور مینڈکی کی طلاق کروادی ہے۔ واضح رہے اس سے پہلے جب بارش نہیں ہو رہی تھی تو اچھی بارش کے لئے طلاق کروانے والے لوگوں نے 19جولائی 2019 کو مینڈک اور مینڈکی کی شادی کروائی تھی۔ طلاق ہونے کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ بارش ہونے کے سبب دونوں کی شادی پورے دو مہینے بھی نہیں چل پائی۔

بدھ کے روز اوم شیو سیوا شکتی منڈل کے ارکان نے منتر پڑھ کر مینڈک اور مینڈکی کی طلاق کروادی۔ ان دونوں کی طلاق کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ دس بارہ روز سے ریاست میں لگاتار بارش ہو رہی ہے اور اس کی وجہ سے مدھیہ پردیش کے کئی حصوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔


واضح رہے بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے32 اضلاع میں شدید بارش کا ایلرٹ جاری کیا ہے۔ 11 ستمبر تک مدھیہ پردیش میں عام دنوں کے مقابلے 26 فی صد زیادہ بارش ہو چکی ہے، یہی نہیں بھوپال میں 13 سال پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ چکا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ مینڈک اور مینڈکی کو علیحدہ کرنے سے موسم پر کیا اثر پڑتا ہے۔ اس کا اثر موسم پر پڑے یا نہ پڑے ان بے چارے مینڈک اور مینڈکی کی زندگیوں پر تو پڑ ہی گیا۔ انسان اپنے لئے کیا کیا کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔