شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل! نینی تال کی کھائی میں گری باراتیوں کی کار، 3 لوگوں کی موت

کھائی انتہائی گہری تھی، پہاڑی علاقے ناہموار تھے اور رات کی تاریکی نے ریسکیو آپریشن کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔ اس کے باوجود فوجیوں نے کوئی وقت ضائع کیے بغیر آپریشن شروع کیا۔

سڑک حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

نینی تال میں کینچی دھام کے قریب دیر رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ الموڑہ سے ہلدوانی جارہی باراتیوں کی کار اچانک بے قابو ہوکرتقریباً 60 میٹر گہری کھائی میں گرگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف اور مقامی پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

 تفصیلات کے مطابق سنیچر کی دیر رات کھیرنا پولیس چوکی کو اطلاع ملی کہ ایک ایس یو وی کینچی دھام کے قریب کھائی میں گر گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں چار افراد سوار تھے۔ ایس ڈی آر ایف چوکی کھیرنا سے انسپکٹر کی قیادت میں ایک ٹیم فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی۔ گاڑی رتی گھاٹ نامی جگہ پر کھائی میں گری ہوئی پائی گئی۔ یہ گاڑی الموڑہ سے ہلدوانی جانے والے باراتیوں کی بتائی جارہی ہے۔


ریسکیو کے دوران ایس ڈی آر ایف ٹیم کو جائے وقوعہ پر انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ کھائی انتہائی گہری تھی، پہاڑی علاقے ناہموار تھے اور رات کی تاریکی نے ریسکیو آپریشن کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔ اس کے باوجود فوجیوں نے کوئی وقت ضائع کیے بغیر آپریشن شروع کیا۔ ٹیم کو گاڑی تک پہنچنے کے لیے رسیوں اور اسٹریچرز کا استعمال کرنا پڑا۔

ریسکیو ٹیم کو کھائی میں ایک زخمی شخص ملا، جسے 108 ایمبولینس کے ذریعے بحفاظت نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمی شخص کی شناخت الموڑہ کے رہنے والے منوج کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ بدقسمتی سے حادثے میں تین لوگوں کی موقع پرہی موت ہوگئی تھی۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے لاشیں گہری کھائی سے نکال کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیں۔ تمام مرنے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ متوفیوں میں سنجے بشت، سریندر بھنڈاری اور پشکر بھیسوڑا شامل تھے۔ سبھی الموڑہ کے ہی رہنے والے تھے۔


جولوگ بارات میں شامل ہونے جارہے تھے انہیں ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ کچھ ہی دیرمیں خوشیوں کا یہ سفر ماتم میں بدل جائے گا۔ حادثے کے بعد ریسکیو کے لئے گاؤں والوں نے بھی ایس ڈی آر ایف کی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ رات کی تاریکی میں بچاؤ کا کام کرنا بہت مشکل تھا، لیکن ٹیم نے پوری تندہی سے ریسکیو کو مکمل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔