یوپی-دہلی سمیت کئی ریاستوں میں تبدیل ہوگا موسم، ہلکی بارش کا امکان

ملک کی راجدھانی دہلی کے لوگوں کو چلچلاتی گرمی سے معمولی راحت مل سکتی ہے۔ دہلی-این سی آر میں کل درجہ حرارت 43 ڈگری کے قریب ریکارڈ کیا گیا تھا، جس میں آج کمی دیکھی جا سکتی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش کی فائل تصویر / یو این آئی</p></div>

دہلی میں بارش کی فائل تصویر / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کے بیشتر علاقوں میں لوگ گرمی سے پریشان ہیں۔ چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی کے درمیان محکمہ موسمیات نے کچھ ریاستوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاع کے مطابق دہلی کے لوگوں کو بھی آنے والے کچھ دنوں تک لو اور گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال میں بارش کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج یعنی 23 مئی کو نئی دہلی میں بارش کی سرگرمیاں نظر آئیں گی۔ آئی ایم ڈی کے مطابق نئی دہلی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی آج دہلی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی میں بارش کا سلسلہ 28 مئی تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں معمولی کمی بھی ریکارڈ کی جائے گی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25 اور زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی لکھنؤ میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 مئی سے لکھنؤ میں بارشوں کا سلسلہ دیکھنے کو ملے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بارش کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی جائے گی۔

غازی آباد کی بات کریں تو آج یہاں کم سے کم درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا جائے گا۔ آج غازی آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 24 مئی سے غازی آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ بارش کے ساتھ ہی غازی آباد میں درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی بنگال کے اضلاع میں 23 سے 27 مئی کے درمیان بارش کی سرگرمیاں دیکھی جائیں گی۔ آئی ایم ڈی نے مغربی بنگال میں بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔


موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق مشرقی آسام، میگھالیہ، منی پور، میزورم، تریپورہ، اڈیشہ کے جنوبی ساحل، شمالی ساحلی آندھرا پردیش، جنوبی چھتیس گڑھ، کیرالہ اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ مغربی ہمالیہ، تمل ناڈو، لکشدیپ اور انڈمان اور نکوبار جزائر میں بھی ہلکی بارش دیکھی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور دہلی اور این سی آر کے کچھ حصوں کے ساتھ شمالی راجستھان میں بھی ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔