موسم کا حال: دہلی-این سی آر اور یو پی میں پھر بارش، کئی ریاستوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی-این سی آر میں مطلع بدستور ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان ہے، نیز مارچ کے آخر تک موسم ایسا ہی رہے گا

دہلی میں بارش کی فائل تصویر
دہلی میں بارش کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں بارشوں کا موسم پھر لوٹ آیا ہے اور سورج کی بادلوں کے ساتھ لکا چھپی کے سبب درجہ حرارت میں کمی درج کی جا رہی ہے۔ دہلی-این سی آر اور مغربی یوپی میں جہاں فروری میں ہی لوگوں کو گرمی محسوس ہونے لگی تھی وہاں اب مارچ کے مہینے میں سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی-این سی آر میں مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان ہے اور مارچ کے آخر تک موسم بدستور ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعہ کو دہلی، این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس کے بعد دہلی کا درجہ حرارت 30.2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا، جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔

دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں میں ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 25 اور 26 مارچ کو شمال مغربی ہندوستان اور مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں 25 اور 26 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی آندھرا پردیش اور یانم، جنوبی اندرونی کرناٹک، تلنگانہ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل، کیرالہ میں 24 سے 26 مارچ تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ تلنگانہ میں آج ژالہ باری کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی نے کہا ’’اگلے 5 دنوں کے دوران شمال مشرقی ہندوستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ جبکہ 26 اور 27 مارچ کو اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ میں اکا دکا مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔