موسم کا حال: کئی ریاستوں میں مانسون کی آمد، اتراکھنڈ اور ہماچل میں موسلادھار بارش، ممبئی بھی پانی پانی

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق دہلی میں مانسون کا داخلہ 26 سے 28 جون کے درمیان ہو سکتا ہے اور یہاں فی الحال پری مانسون بارشیں ہو رہی ہیں۔ ادھر، مانسون تیزی سے ممبئی کی طرف بڑھ رہا ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش / یو این آئی</p></div>

دہلی میں بارش / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مانسون کے داخلے کے ساتھ ہی بھارت کی کئی ریاستوں میں بارش ہو رہی ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی سمیت این سی آر اور اتر پردیش میں موسم نے کروٹ لی ہے اور بارش کے سبب عوام کو گرمی سے راحت ملی ہے۔

دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، مراد آباد، بجنور اور یوپی کی راجدھانی لکھنؤ سمیت کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہے اور درجہ حرارت میں کافی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25-26 جون کو شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کی سرگرمیاں دیکھی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ہی ملک کی راجدھانی دہلی کے لوگوں کو گرمی اور نمی سے راحت ملی ہے۔ دہلی میں مانسون سے پہلے کی بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق دہلی میں مانسون کا داخلہ 26 سے 28 جون کے درمیان ہو سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، 25-26 جون کو مغربی اور مشرقی یوپی کے تقریباً تمام علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف، 27 جون کو مغربی اور مشرقی اتر پردیش میں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں۔ مانسون کے بادل مشرقی راجستھان، شمالی مدھیہ پردیش اور مغربی یوپی پر منڈلا رہے ہیں۔


مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش دیکھی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں ابھی مانسون نہیں آیا ہے تاہم پری مانسون بارشیں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق مانسون تیزی سے ممبئی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مانسون ممبئی میں آج یعنی 25 جون کو فعال ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے رائے گڑھ اور رتناگیری کے لیے اورنج الرٹ اور پالگھر، ممبئی، تھانے اور سندھو درگ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ممبئی کے کئی علاقوں میں اگلے دو دنوں تک بارش کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ہفتہ کو ممبئی، تھانے، کلیان اور بدلاپور میں پری مانسون بارش دیکھی گئی ہے۔

ہماچل میں مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شملہ کے کئی علاقوں میں زبردست لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کی تصویریں منظر عام پر آئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چار روز تک موسم خراب رہے گا۔ ہماچل کے کئی شہروں میں 28 جون تک موسم خراب رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے 25، 27 اور 28 جون کے موسم کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی 25 اور 26 جون کو شدید بارشوں کے لیے اورنج الرٹ بھی جاری ہے۔


محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں 26 جون کو بارش کے لیے ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے دہرادون اور ٹہری میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جبکہ پوڑی، نینی تال، چمپاوت، پتھورا گڑھ اضلاع میں 30 جون تک موسم کی پیش گوئی کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا یلو الرٹ جاری ہے۔

خیال رہے کہ اترکاشی-کیدارناتھ روڈ پر مان پور کے قریب بارش کی وجہ سے سڑکوں پر درخت گر گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے سڑک بند ہے۔ سڑک پر گرے درخت کو ہٹانے اور راستہ کھولنے کی مشق جاری ہے۔ آئی ایم ڈی کی پیشن گوئی کے پیش نظر انتظامیہ نے سفر کے دوران محتاط رہنے کو کہا ہے۔ دہرادون میں ہفتہ کی رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔