موسم کا حال: دہلی-این سی آر میں بارش، درجہ حرارت میں گراوٹ

دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں صبح کا آغاز بارش کے ساتھ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث آئندہ چند روز تک گرمی سے راحت ملے گی۔ ملک کے بیشتر علاقوں کے لیے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی کی بارش / علامتی تصویر / ٹوئٹر</p></div>

دہلی کی بارش / علامتی تصویر / ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں سمیت کئی ریاستوں میں شب میں اور صبح کے وقت ہونے والی بارش کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہلی سے لے کر یوپی تک ملک کی کئی ریاستوں میں آنے والے چند دنوں تک گرمی محسوس نہیں ہوگی۔ پنجاب، ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور چنڈی گڑھ میں 18 سے 20 مارچ تک بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی اور وسطی ہندوستان کی ریاستوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ دیکھنے کو ملے گا اور دن کے وقت درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔

دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور فرید آباد سمیت آس پاس کے کئی علاقوں میں صبح کے وقت بارش ہوئی۔ دہلی کے کچھ مقامات (اکشردھام، پالم، صفدرجنگ، لودی روڈ، وسنت وہار، آر کے پورم، اگنو، آیا نگر، ڈیرامنڈی) میں دن بھر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ ہریانہ کے یمنا نگر، نروانہ، بروالا اور اتر پردیش کے سہارنپور، دیوبند، نجیب آباد، کاندھلا، بجنور، ہستینا پور اور چاند پور میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔


ملک کی راجدھانی نئی دہلی میں آج یعنی 18 مارچ کو صبح کے وقت ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کی وجہ سے موسم میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 16 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس علاوہ دہلی میں دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 19 اور 20 مارچ کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔ دہلی میں بارشوں کا سلسلہ 21 مارچ سے بند ہو سکتا ہے۔

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 21 اور زیادہ سے زیادہ 28 رہ سکتا ہے۔ لکھنؤ میں گرج چمک کے ساتھ ایک یا دو بار بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں لکھنؤ کا موسم ایسا ہی رہے گا۔ لکھنؤ میں 21 مارچ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آج صبح نوئیڈا-غازی آباد میں بھی بارش دیکھی گئی۔ غازی آباد کا کم سے کم درجہ حرارت 19 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری رہ سکتا ہے۔ غازی آباد-نوئیڈا میں 21 مارچ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق، ساحلی آندھرا پردیش، جنوبی چھتیس گڑھ، ناگالینڈ، منی پور اور تلنگانہ اور سکم کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ ایک یا دو مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ جبکہ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، شمال مشرقی ہندوستان کے باقی حصوں، بہار کے کچھ حصوں، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، باقی آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور کیرالہ میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔