موسم کا حال: دہلی میں طوفان کے ساتھ بارش، پنجاب-ہریانہ میں بھی گرج چمک

ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق آج دہلی سمیت راجستھان، ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں بارش کا امکان ہے

دہلی میں بارش / تصویر ٹوئٹر
دہلی میں بارش / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت مل گئی ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں صبح کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج (27 مئی) دہلی سمیت راجستھان، ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں بارش کا امکان ہے۔

دہلی کے درجہ حرارت کی بات کریں تو آج قومی راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جا سکتا ہے، جب کہ کم سے کم 22 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ اگر دن بھر مطلع ابر آلود رہا تو کئی حصوں میں بارش بھی نظر آ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی اور این سی آر خطے کے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور 40-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی۔ خراب موسم کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ پر طیاروں کا آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ دہلی ایئرپورٹ کی جانب سے مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پرواز کی معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔


اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود طوفان سمیت ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی بنگال، سکم، کیرالہ میں بھی ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، انڈمان اور نکوبار جزائر، اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، اتراکھنڈ، ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب، ہماچل پردیش، لکش دیپ میں بکھری ہوئی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اوڈیشہ، جھارکھنڈ، بہار، جموں-کشمیر، لداخ، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، تمل ناڈو، پڈوچیری، کرناٹک میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی لداخ میں بھی برف باری کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔